
ممبئی،9 نومبر(ہ س)۔
وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے کہا ہے کہ
مہاراشٹر ہندوستان کا حقیقی اسٹارٹ اپ کیپٹل ہے، کیونکہ یہاں ملک کے سب سے زیادہ
رجسٹرڈ اسٹارٹ اپس موجود ہیں، جن میں 45 فیصد خواتین کی سربراہی میں چل رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کاروباریوں کی یہ نئی لہر ہندوستان کو 5 ٹریلین ڈالر کی معیشت
بنانے میں نمایاں کردار ادا کرے گی۔
فڑنویس
اتوار کے روز جوہو میں ایس این ڈی ٹی ویمنس یونیورسٹی میں منعقدہ ’’انوویشن مہاکمب
2025‘‘ کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے نوجوانوں کے
ذہن تخلیقی خیالات سے بھرے ہوئے ہیں اور اسٹارٹ اپ کے اس دور میں ہر نوجوان کے پاس
نیا کاروبار شروع کرنے کے شاندار مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ایک
زمانے میں خواتین کو ووٹ دینے کا بھی حق حاصل نہیں تھا، مگر 1916 میں مہارشی
دھونڈو کیشو کاروے نے خواتین کے لیے ایک علیحدہ یونیورسٹی قائم کر کے سماجی انقلاب
کی بنیاد رکھی۔
وزیر
اعلیٰ نے کہا کہ ریاستی حکومت نے نوجوان تاجروں اور کاروباری خواتین کے لیے نئی
پالیسی تشکیل دی ہے تاکہ وہ اپنے خیالات کو حقیقت کا روپ دے سکیں۔ انہوں نے زور دیا
کہ حکومت اور یونیورسٹیاں نوجوانوں کے خوابوں کو پروان چڑھانے میں کلیدی کردار ادا
کر رہی ہیں اور ریاستی حکومت ہر قدم پر ان کی مدد کے لیے تیار ہے۔
فڑنویس
نے کہا کہ اختراع کا مقصد صرف نئی مصنوعات کی تیاری نہیں بلکہ زندگی کو آسان بنانا
ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ جب کوئی نیا آئیڈیا مارکیٹ میں پہنچتا ہے تو معیشت کو نئی
رفتار ملتی ہے۔ مصنوعی ذہانت اور ڈیٹا انالیٹکس نے اس اختراعی عمل کو مزید طاقتور
بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ’’اسٹارٹ اپ انڈیا‘‘
پروگرام نے ہندوستان کو دنیا کی تیسری سب سے بڑی اسٹارٹ اپ معیشت کے طور پر ابھارا
ہے۔
اس موقع
پر وزیر اعلیٰ نے خواتین کی جانب سے تیار کردہ اختراعی منصوبوں کی نمائش کا معائنہ
کیا اور میڈیسن، زراعت اور ٹرانسپورٹ مینجمنٹ کے شعبوں میں تین شاندار اسٹارٹ اپ
آئیڈیاز کو ایوارڈز سے نوازا۔ فڑنویس نے ایک پری انکیوبیشن سنٹر کا بھی افتتاح کیا۔
مہارت
افزائی، روزگار اور انٹرپرینیورشپ کے وزیر منگل پربھات لودھا نے کہا کہ مہاراشٹر
تعلیم اور اختراع کے میدان میں مسلسل ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ
خواتین کی شرکت کے باعث ریاست مستقبل میں اس میدان میں سبقت حاصل کرے گی۔ ایس این
ڈی ٹی یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹر اجولا چکردیو نے تقریب میں انوویشن
مہاکمب 2025 کی تفصیلی پیشکش کی۔
ہندوستھان
سماچار
ہندوستان سماچار / جاوید این اے