
جموں، 9 نومبر(ہ س)۔
بی ایس ایف کے ڈائریکٹر جنرل دلجیت سنگھ چوہدری نے اتوار کے روز جموں میراتھن کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا، جو حال ہی میں مکمل ہونے والے آپریشن سندور کے بعد فورس کی جانب سے منعقدہ پہلا بڑا عوامی پروگرام تھا۔
یہ میراتھن بی ایس ایف فرنٹیئر جموں کی میزبانی میں فورس کے 60 ویں یومِ تاسیس کے موقع پر منعقد کی گئی، جس کا مقصد نوجوانوں میں جسمانی صحت کے فروغ اور منشیات سے پاک طرزِ زندگی کو اجاگر کرنا تھا۔ اس موقع پر شہریوں، طلبہ اور سکیورٹی اہلکاروں نے بڑی تعداد میں حصہ لیا۔
بی ایس ایف کے مطابق، ملک بھر سے چھ ہزار سے زائد شرکاء نے میراتھن میں شرکت کے لیے رجسٹریشن کرایا۔ ایونٹ میں 42 کلومیٹر، 21 کلومیٹر اور 10 کلومیٹر کی دوڑوں کے علاوہ پانچ کلومیٹر رن فار فن زمرہ بھی شامل تھا۔ اس میراتھن میں غیر ملکی کھلاڑیوں، بالخصوص کینیا کے دوڑاکاروں نے بھی بھرپور شرکت کی۔
شرکاء میں جوش و جذبے کا منفرد منظر دیکھنے کو ملا، کئی دوڑاکار ترنگا لیے وطن دوستی کے نعرے لگاتے نظر آئے۔اس موقع پر ڈی جی بی ایس ایف دلجیت سنگھ چوہدری نے کہا کہ بی ایس ایف کی جانب سے جموں میں پہلی بار میراتھن کا انعقاد فٹنس کے فروغ اور منشیات سے پاک بھارت کے عزم کو عام کرنے کی ایک اہم کوشش ہے۔ صحت مند معاشرہ ہی مضبوط قوم کی بنیاد ہے۔ وزیر اعظم کے ’فِٹ انڈیا‘ مشن کی تکمیل اسی وقت ممکن ہے جب ہر شہری صحت مند طرزِ زندگی اپنائے۔انہوں نے کہا کہ آپریشن سندور نے عوام کے اعتماد کو مزید مستحکم کیا ہے۔نوجوانوں کی بی ایس ایف میں بڑھتی شمولیت اس بات کا مظہر ہے کہ فورس عوام سے قریبی رابطے میں ہے اور ملک کو منشیات سے پاک بنانے کے مشن میں سرگرم کردار ادا کر رہی ہے۔ ڈی جی نے عوام، جموں و کشمیر حکومت اور مقامی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اُن کے تعاون سے ہی یہ ایونٹ کامیاب ثابت ہوا۔ کینیا سے آئے دوڑاکاروں نے بھی جموں کے پُرامن ماحول، خوشگوار موسم اور بی ایس ایف کی شاندار میزبانی کو سراہا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر