
انگولا کے خلاف دوستانہ میچ کے لیے لیونل میسی ارجنٹینا کی ٹیم میں شامل
فورٹ لاڈرڈیل، 7 نومبر (ہ س)۔ انٹر میامی کے اسٹار فارورڈ لیونل میسی اور ان کے ساتھی راڈریگو ڈی پاول کو ارجنٹینا کی قومی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ دونوں کھلاڑیوں کو آئندہ ہفتے انگولا کے خلاف ہونے والے دوستانہ میچ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ ارجنٹینا کے ہیڈ کوچ لیونل اسکالونی نے 14 نومبر کو ہونے والے اس دوستانہ میچ کے لیے 24 رکنی ٹیم کا اعلان کیا۔ میسی کی ٹیم انٹر میامی اس وقت ایم ایل ایس کپ پلے آف کے پہلے راونڈ میں ہے، جہاں ان کا مقابلہ نیش ول ایف سی سے جاری ہے۔ دونوں ٹیموں نے ابتدائی دو مقابلوں میں ایک ایک فتح حاصل کی ہے، جبکہ فیصلہ کن تیسرا میچ ہفتے کے روز فورٹ لاڈرڈیل میں کھیلا جائے گا۔ اگر انٹر میامی جیت درج کرتا ہے تو ایسٹرن کانفرنس سیمی فائنل 22 یا 23 نومبر سے شروع ہوں گے۔
میسی اور ڈی پاول، دونوں نے اکتوبر میں ارجنٹینا کی جانب سے دو دوستانہ میچ کھیلے تھے۔ اس دوران میسی نے ایک میچ میں حصہ لیا تھا جبکہ ڈی پاول نے دونوں مقابلے کھیلے تھے۔ یہ میچ وینیزویلا اور پیورٹو ریکو کے خلاف ہوئے تھے۔ ہیڈ کوچ اسکالونی نے اس بار ارجنٹینا کی گھریلو لیگ پریمیرا ڈویژن کے کھلاڑیوں کو منتخب نہیں کیا ہے کیونکہ وہاں کے میچ نومبر کی بین الاقوامی ونڈو کے دوران بھی جاری رہیں گے۔
ارجنٹینا فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر کلاوڈیو ٹاپیا نے ای ایس پی این سے کہا، ’’ہم نے اسکالونی سے بات کی اور یہ یقینی بنایا کہ ارجنٹینا کلبوں کے وہ کھلاڑی جو کلاوسورا ٹورنامنٹ کے فیصلہ کن مقابلے کھیل رہے ہیں، انہیں اس بار نہیں بلایا جائے۔‘‘
دوسری جانب، ایسٹن ولا کے گول کیپر ایمیلیانو ’’ڈیبو‘‘ مارٹینیز کو اس بار ٹیم میں جگہ نہیں ملی ہے۔
میسی، جو اس سیزن میں ایم ایل ایس گولڈن بوٹ کے فاتح اور ایم وی پی (سب سے قیمتی کھلاڑی) کے مضبوط امیدوار ہیں، انہیں لیگ کے ’’بیسٹ الیون‘‘ میں بھی شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے اس سیزن میں 29 گول کیے اور 19 اسسٹ دیے — یعنی کُل 48 گول میں حصہ، جو 2019 میں کارلوس ویلا کے 49 گول کے ریکارڈ سے صرف ایک کم ہے۔
ارجنٹینا کی مکمل ٹیم:
گول کیپرز: جیرونیمو رولی (مارسے)، والٹر بینیٹیز (کرسٹل پیلس)۔
ڈفینڈر: نہوئل مولینا (ایٹلیٹیکو میڈرڈ)، جوان فویتھ (ولا ریئل)، کرسٹیئن رومیرو (ٹوٹنہم)، نکولس اوٹامینڈی (بینفیکا)، مارکوس سینیسی (بورن ماوتھ)، نکولس ٹیگلیافیکو (لیوں)، ویلینتین بارکو (ریسنگ اسٹراس برگ)۔
مڈفیلڈر: ایلکسیس میک الیسٹر (لیورپول)، اینزو فرنانڈیز (چیلسی)، روڈریگو ڈی پاؤل (انٹر میامی)، جیوانی لو سیلسو (ریئل بیٹیس)، تھیاگو المادا (ایٹلیٹیکو میڈرڈ)، ماکسیمو پیرونے (کومو)، نکولس پاز (کومو)۔
فارورڈز: لیونیل میسی (انٹر میامی)، لاوٹارو مارٹینیز (انٹر میلان)، جولیئن الواریز (ایٹلیٹیکو میڈرڈ)، نکولس گونزالیز (ایٹلیٹیکو میڈرڈ)، جیولیانو سیمیونے (ایٹلیٹیکو میڈرڈ)، جوسے مانوئیل لوپیز (پالمیراس)، جیانلوکا پریستیانی (بینفیکا)، جوآکین پنیچیلی (ریسنگ اسٹراس برگ)۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن