ایل جی منوج سنہا نے سالانہ جھری میلے کا افتتاح کیا
ایل جی منوج سنہا نے سالانہ جھری میلے کا افتتاح کیا جموں، 4 نومبر (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منگل کے روز جموں کے مضافاتی علاقے مڑہ میں منعقدہ سالانہ جھری میلہ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ یہ دس روزہ میلہ، بابا جیتو کی لازوال قربان
LG


ایل جی منوج سنہا نے سالانہ جھری میلے کا افتتاح کیا

جموں، 4 نومبر (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منگل کے روز جموں کے مضافاتی علاقے مڑہ میں منعقدہ سالانہ جھری میلہ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ یہ دس روزہ میلہ، بابا جیتو کی لازوال قربانی کی یاد میں منایا جاتا ہے، جو علاقے کی ثقافتی و روحانی پہچان کی علامت بن چکا ہے۔ ہر سال جموں، پنجاب، ہماچل پردیش اور ہریانہ سمیت مختلف علاقوں سے دس سے بارہ لاکھ عقیدت مند بابا جیتو کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے اس میلے میں شرکت کرتے ہیں۔

اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بابا جیتو کے انصاف، مساوات اور بے لوث خدمت کے اصولوں کو زندگی کا شعار بنائیں اور ایک منصفانہ، مساوی اور خود کفیل معاشرے کی تعمیر کے لیے عملی کردار ادا کریں۔ منوج سنہا نے بتایا کہ انہوں نے بابا جیتو اور بوا کوری کو نذرانہ عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ یاتریوں کے لیے ایک جدید کمیونٹی ہال، چار ماڈیولر بس اسٹاپس وقف کیے اور کارپوریٹ سوشل رسپانسبلٹی کے تحت پہلے انڈور اسپورٹس کمپلیکس کی سنگِ بنیاد بھی رکھی۔

میلہ ڈائریکٹوریٹ آف ٹورازم اور ضلعی انتظامیہ جموں کے اشتراک سے 4 تا 13 نومبر تک جاری رہے گا۔ انتظامیہ کی جانب سے صفائی، صحت، پارکنگ، بجلی اور پانی کی فراہمی کے جامع انتظامات کیے گئے ہیں۔ محکمہ زراعت اور باغبانی کی شمولیت سے یہ میلہ کسانوں کی آگاہی، جدید ٹیکنالوجی تک رسائی اور سرکاری اسکیموں سے استفادے کا اہم ذریعہ بھی بن گیا ہے۔

حکام کے مطابق، میلے کے دوران سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں اور پولیس و نیم فوجی دستوں کو علاقے میں تعینات کیا گیا ہے۔روایات کے مطابق، بابا جیتو ایک دیانتدار اور محنتی کسان تھے جنہوں نے ایک ظالم زمیندار کے جبر کے خلاف اپنی جان قربان کر دی۔ ان کی بیٹی بوا کوری نے اپنے والد کی آخری رسومار کی ادائیگی پر خود کو آگ لگا کر اپنی عقیدت اور غم کا اظہار کیا۔

عقیدت مند آج بھی میلے کے دوران بابا دا تالاب میں روحانی غسل کرتے ہیں، جو مندر سے تقریباً چار کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ایک قدرتی حوض ہے اور جسے شفا بخش خصوصیات کا حامل سمجھا جاتا ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande