
نئی دہلی، 17 نومبر (ہ س)۔
نارتھ ڈسٹرکٹ اینٹی نارکوٹکس سیل نے منشیات سپلائی کرنے والے سرگرم گروہ کا پردہ فاش کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ چھاپے کے دوران، ٹیم نے 149.07 گرام ہیروئن/سماک اور 391,710 نقدی برآمد کی، جو منشیات کی فروخت سے حاصل کی گئی تھی۔ شمالی ضلع کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس راجہ بنتھیا نے پیر کو بتایا کہ انسداد منشیات سیل، جو شمالی ضلع میں منشیات فراہم کرنے والوں کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے، کو اطلاع ملی کہ صدر بازار کے علاقے میں کچھ لوگ منشیات کی سپلائی میں ملوث ہیں۔ خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے، ٹیم نے موتیہ خان، صدر بازار میں ایک گھر پر چھاپہ مارا، جہاں سے جتن اور اس کی بھابھی ریا کو گرفتار کر لیا گیا۔ تلاشی کے دوران ان کے گھر سے بھاری مقدار میں ہیروئن اور منشیات کی رقم برآمد کر لی گئی۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق پوچھ گچھ کے دوران ملزمان جتن اور ریا نے انکشاف کیا کہ وہ اس غیر قانونی حرکت کو اپنی ماں پونم بائی کی ہدایت پر انجام دے رہے تھے جو کہ پورے گینگ کی سرغنہ ہے۔ تحقیقات سے یہ بھی پتہ چلا ہے کہ جتن ایک عادی مجرم ہے اور اس سے پہلے دہلی کے مختلف تھانوں میں ڈکیتی، چوری اور آرمس ایکٹ کے آٹھ مقدمات میں گرفتار کیا جا چکا ہے۔ ملزم کے انکشاف کے بعد پولس ٹیم نے پونم بائی کی تلاش میں کئی مقامات پر چھاپے مارے لیکن وہ مفرور پائی گئی۔ پولیس اب منشیات کے پورے نیٹ ورک کو ختم کرنے کے لیے چھان بین کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ