
حیدرآباد ، 16 نومبر (ہ س)۔
صدرجمہوریہ دروپدی مرموسرمائی تعطیلات گذارنے کیلئے حیدرآباد کا دوروزہ دورہ کریں گی۔ وہ جنوبی ہند میں ان کی سرکاری رہائش گاہ راشٹرپتی نیلائم میں قیام کریں گی۔صدرجمہوریہ 21 نومبر کو خصوصی طیارہ کے ذریعہ ریاستی دارالحکومت کے بیگم پیٹ ایرپورٹ پہنچیں گی۔ شیڈول کے مطابق صدرمرمو21 نومبرکی دوپہر یہاں پہنچیں گی۔ شام کے وقت وہ بولارم میں واقع راشٹرپتی نیلائم میں قیام کریں گی۔ ہرسال صدرجمہوریہ کی جانب سے سردیوں کی چھٹیاں حیدرآبادمیں گزارنے کی روایت ہے۔ دورہ کے پیش نظرریاستی انتظامیہ نے سخت سیکورٹی انتظامات کئے ہیں۔ اپنے قیام کے دوران دروپدی مرمو بھارتیہ کلا مہوتسو میں شرکت کریں گی، جہاں وہ ملک بھرسے آئے ہوئے فنکاروں اور ثقافتی ٹیموں کی حوصلہ افزائی کریں گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ تہوار ملک کی ثقافت اور فنونِ لطیفہ کو فروغ دینے کے لئے ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔ صدر جمہوریہ مرمو 22 نومبر کو بیگم پیٹ ایئرپورٹ سے اے پی کے پٹاپرتی کے لئے روانہ ہوں گی۔ دورہ کے دوران شہر کے تمام اہم مقامات پر سیکورٹی فورسس ہائی الرٹ پر رہیں گی۔۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق