
پنا کے ہیروں کو جی آئی ٹیگ ملا، وزیر اعلیٰ نے خوشی کا اظہار کیا، کہا، پنا ڈائمنڈ اب بین الاقوامی سطح پر چمکے گا
بھوپال، 15 نومبر (ہ س)۔ پنا کی برسوں پرانی تمنا بالآخر پوری ہو گئی ہے۔ پنا کے دنیا بھر میں مشہور ہیروں کو باقاعدہ طور پر جی آئی ٹیگ مل گیا ہے۔ مدھیہ پردیش کی اکیسویں جی آئی پروڈکٹ بن کر اب پنا کا ہیرا نہ صرف ہندوستان میں، بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی اپنی نئی پہچان بنانے جا رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے پنا کے ہیروں کو جی آئی ٹیگ ملنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اب بین الاقوامی سطح پر پنا ڈائمنڈ چمکے گا۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے ہفتہ کو کہا کہ ہیروں کے شہر ’’ پنا ضلع‘‘ کے ہیروں کو ہندوستان کی حکومت کی جانب سے جی آئی (جیوگرافیکل انڈیکیشن) ٹیگ ملنا پورے مدھیہ پردیش کے لیے فخر کی بات ہے۔ اس سے پنا ڈائمنڈ بین الاقوامی سطح پر چمکے گا اور پنا کے نوجوانوں اور کاریگروں کو مقامی سطح پر نئے مواقع ملیں گے۔ پنا ضلع کے ہیروں کو سرٹیفائیڈ اور پریمیم قدرتی مصنوعات کے طور پر عالمی بازار میں پیش کیا جائے گا اور پنا کے ان قدرتی ہیروں کو صرف پنا ڈائمنڈ کے نام سے ہی فروخت کیا جا سکے گا۔ اس سے مقامی معیشت کو نئی توانائی ملے گی۔
قابل ذکر ہے کہ جی آئی ٹیگ ملنے سے پنا کے ہیروں کی برانڈ ویلیو میں بڑا اضافہ ہوگا۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ اس سے یہاں کے مقامی کان کنی کے شعبے میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور ہزاروں خاندانوں کو فائدہ پہنچے گا۔ ساتھ ہی ہیروں کی شفافیت، معیار اور پہچان کو عالمی سطح پر ایک نیا درجہ ملے گا۔
مقامی انتظامیہ اور ہیروں کی صنعت کے ماہرین کے مطابق، جی آئی ٹیگ ملنے سے پنا کو بین الاقوامی منڈی میں الگ پہچان ملے گی۔ برآمدات کے مواقع بڑھیں گے اور ریاست کو آمدنی میں بڑی اضافے کی امید ہے۔ پنا کے لوگوں میں اس کامیابی کو لے کر خوشی کا ماحول ہے۔ طویل عرصے سے زیر التوا یہ مانگ پوری ہونے کے بعد اب پنا ضلع کا نام ایک بار پھر عالمی نقشے پر اسی طرح چمکنے کو تیار ہے جیسے یہاں کی زمین سے نکلنے والا قیمتی ہیرا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن