نئی دہلی، 7 اکتوبر (ہ س)۔ توانائی کی منتقلی پر جی 20 کی وزارتی میٹنگ 7-10 اکتوبر کو جنوبی افریقہ کے کوازولو-نتال صوبے میں منعقد ہوگی۔ مرکزی وزیر توانائی منوہر لال میٹنگ میں ہندوستانی وفد کی قیادت کریں گے۔ جنوبی افریقی جی20 صدارت کے تحت منعقد ہونے والا یہ اجلاس توانائی کے عالمی مستقبل کو تشکیل دینے والے اہم مسائل پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے دنیا کی بڑی معیشتوں سے توانائی کے رہنماوں کو ایک ساتھ لائے گا۔
توانائی کی وزارت نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ اجلاس میں ہونے والی بات چیت کا مقصد کفایتی، قابل اعتماد اور پائیدار توانائی تک عالمی رسائی کو یقینی بنانے کے لیے بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانا ہے، جو اقتصادی ترقی اور پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جی) کے حصول کے لیے اہم ہے۔ میٹنگ کے دوران، منوہر لال ”ایک کرہ ارض، ایک خاندان، ایک مستقبل“کے وسیع وژن کے ساتھ ایک منصفانہ، کفایتی اور جامع توانائی کی منتقلی کو حاصل کرنے کے مقصد سے باہمی تعاون پر مبنی عالمی کوششوں کے لیے ہندوستان کے پختہ عزم کا اعادہ کریں گے۔
غور طلب ہے کہ انرجی ٹرانزیشن ورکنگ گروپ (ای ٹی ڈبلیو جی) اور انرجی ٹرانزیشن منسٹریل میٹنگ (ای ٹی ایم ایم) کیپٹل ہوٹل، زیمبالی، ڈربن میں منعقد ہوگی۔ یہ صاف، محفوظ اور مساوی توانائی کے نظام پر جی 20 ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا۔
ہندوستھا ن سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد