حیدرآباد, 7۔ اکتوبر۔(ہ س)۔ گورنرتلنگانہ جشنودیوورما نے ٹی بی کے مرض کے بارے میں عوامی شعوربیداری مہم کے تحت 76 ویں ٹی بی سیل مہم کا افتتاح کیا ۔ راج بھون میں منعقدہ تقریب میں گورنرنے کہا کہ یہ مہم محض ایک روایت نہیں بلکہ اخلاقی ذمہ داری ہے تاکہ سماج کو ٹی بی سے نجات دلاتے ہوئے صحت مند معاشرہ تشکیل دیا جائے۔ گورنر نے کہا کہ ٹی بی آج بھی ایک اہم سماجی چیلنج بن چکاہے اورعوام کی صحت کو بہتربنانے کیلئے شعوربیداری مہم ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مرض زیادہ ترغربت،صحت بخش غذا کی کمی اورشعورسے ناواقفیت کا نتیجہ ہے۔ گورنرنے سماج سے ٹی بی کے خاتمہ کےلئے سرگرم اندازمیں مہم پرزوردیااورنوجوانوں،فنکاروں،کھلاڑیوں ، غیر سرکاری تنظیموں ، کارپوریٹ اداروں اور تعلیمی اداروں سے اس مہم میں حصہ لینے کی اپیل کی۔ گورنر نے کہا کہ ایک ٹی بی مکت بھارت کا مطلب مرض کو محض روکنا نہیں بلکہ اس کا مکمل طور پرصفایا کر نا ہے ۔ جشنو دیو ورما نے ٹیوبر کلوسیز اسوسی ایشن آف تلنگانہ کی جانب سے شعور بیداری معائنے اور مریضوں کی مدد جیسے اقدامات کی ستائش کی۔ گورنر نے ہر ضلع میں ہاتھ سے چلنے والے یکسوئی مشینوں کی فراہمی پر زور دیا۔ تاکہ مریضوں کا بروقت معائنہ کیا جاسکے۔ گورنر نے تلنگانہ کو ٹی بی کے مرض سے نجات دلانے کی مہم میں راج بھون کی جانب سے ممکنہ تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر گورنر کے پرنسپل سکریٹری دانا کشور،سینئر عہدیدار ڈاکٹر سائی بابو، ڈی بالا چندرا جنرل سکریٹری ٹی بی اسوسی ایشن ، ڈاکٹر اے راجیشم جوائنٹ ڈائرکٹرواعزازی سکریٹری ٹی بی اسوسی ایشن اوردوسرے موجود تھے۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق