
نئی دہلی، 31 اکتوبر (ہ س)۔ نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) نے جمعہ کو 2025 کے بہار اسمبلی انتخابات کے لیے اپنا منشور جاری کیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اس منشور کو ایک خود انحصار اور ترقی یافتہ بہار کے وژن کے طور پر بیان کیا۔ جمعہ کو وزیر اعظم مودی نے کہا، بہار اسمبلی انتخابات کے لیے این ڈی اے کا منشور واضح طور پر خود انحصار اور ترقی یافتہ بہار کے ہمارے وژن کو بیان کرتا ہے۔ یہ ہمارے کسان بھائیوں اور بہنوں، نوجوان دوستوں، ماؤں اور بہنوں کے ساتھ ساتھ ریاست میں میرے تمام کنبہ کے افراد کی زندگیوں کو آسان بنانے کے لیے ہمارے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست کی ڈبل انجن والی حکومت نے بہار کی ہمہ جہت ترقی کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے جس کی وجہ سے ہماری ریاست میں بڑی تبدیلیاں دیکھنے میں آئی ہیں۔ اس میں مزید تیزی لاتے ہوئے، ہم گڈ گورننس کو ہر فرد کے لیے خوشحالی کی بنیاد بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ ان کوششوں کو عوام کی بھرپور حمایت حاصل ہوگی۔
قابل ذکر ہے کہ جمعہ کو این ڈی اے اتحاد کے سرکردہ لیڈروں نے پٹنہ میں مشترکہ طور پر اپنے انتخابی وعدوں کا اعلان کیا۔
اس موقع پر مرکزی وزیر اور بی جے پی کے سربراہ جے پی نڈا، بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار، مرکزی وزیر اور ہندوستانی عوام پارٹی کے سرپرست جیتن رام مانجھی، مرکزی وزیر اور لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس پاسوان) کے سربراہ چراغ پاسوان، اور راشٹریہ لوک مورچہ کے سربراہ اوپیندر کشواہا موجود تھے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی