
نئی دہلی، 28 اکتوبر (ہ س)۔ ابوظہبی ٹی10 لیگ 2025کی شروعات 18 نومبر سے ہوگی اور 30 نومبر کو اختتام پذیر ہوگی۔ تقریباً دو ہفتوں پر محیط یہ تیز رفتار ٹورنامنٹ، کرکٹ شائقین کو میچوں کی ایک سنسنی خیز تحفہ پیش کرے گا، جس میں کھیل کے کچھ بڑے نام شامل ہیں۔
سیزن کا افتتاحی میچ کوئٹہ کیولری اور ناردرن واریئرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد ڈیکن گلیڈی ایٹرز اپنے خطاب کے دفاع کی مہم کی شروعات دہلی بلز کے خلاف مقابلے سے کریں گے۔
ٹورنامنٹ راونڈ روبن فارمیٹ میں کھیلا جائے گا، لیگ مرحلے کے دوران ہر ٹیم ایک دوسرے سے مدمقابل ہوگی۔ لیگ میچوں کے بعد پوائنٹس ٹیبل میں سرفہرست چار ٹیمیں پلے آف میں پہنچیں گی۔ پلے آف کا آغاز 29 نومبر کو کوالیفائر 1 سے ہوگا، جس میں لیگ کی ٹاپ دو ٹیمیں شامل ہوں گی۔ اس میچ کی فاتح ٹیم براہ راست فائنل میں پہنچ جائے گی جبکہ ہارنے والی ٹیم کو کوالیفائر 2 میں ایک اور موقع ملے گا۔
اسی دن ایک ایلیمینیٹر میچ بھی کھیلا جائے گا جس میں تیسری اور چوتھی پوزیشن کی ٹیمیں ایک دوسرے سے مد مقابل ہوں گی۔ اس میچ کا فاتح کوالیفائر 2 میں داخل ہو جائے گا، جبکہ ہارنے والا ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائے گا۔
کوالیفائر 2 اور فائنل 30 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ کوالیفائر 2 کے فاتح کا فائنل میں کوالیفائر 1 کے فاتح سے مقابلہ ہوگا اور دن کے اختتام پر ٹورنامنٹ کے نئے چیمپئن کا فیصلہ کیا جائے گا۔
فائنل کے بعد فاتح ٹیم کے اعزاز میں ایک شاندار اختتامی تقریب ہوگی اور ٹورنامنٹ کی یادگار جھلکیاں دکھائی جائیں گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد