
کٹیہار، 26 اکتوبر (ہ س)۔ بہار کے سابق نائب وزیر اعلی اورآرجے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے اتوار کے روز کٹیہار ضلع کے پران پور اسمبلی حلقہ کے تحت اعظم نگر میں منعقدہ ایک جلسہ عام میں بی جے پی اور جے ڈی یو پر سخت حملہ کیا۔انہوں نے کہا کہ نتیش کمار نے پلٹی مار کر بی جے پی میں چلے گئےہیں اور بی جے پی کو بہار میں جگہ دےکر مضبوط کیا۔ تیجسوی یادو نے وقف بورڈ ترمیمی بل کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ یہ مسلمانوں کے خلاف ہے اور اگر بہار میں ان کی حکومت بنتی ہے تو اسے کوڑے دان میں پھینک دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی مسلمانوں کو ہراساں کرنے کے لیے ایسے بل لارہی ہے۔تیجسوی یادو نے نتیش کمار حکومت پرنقل کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ وہ ہماری منصوبوں کی نقل کر رہےہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم نے پنشن بڑھانے کی بات کی تو نتیش کمار نے عجلت میں پنشن کی رقم بڑھا کر 1100 روپے کر دی۔ تیجسوی یادو نے کہا کہ میں جوان ہونے کے باوجود اپنی بات پر قائم ہوں۔ میں نے وہی کیا جو میں نے کہا اور وہی کروں گا جو میں وعدہ کرتا ہوں۔ آپ فیصلہ کریں کہ آپ اپنے خاندان میں سرکاری نوکری چاہئے یا صرف 10,000 روپے۔ بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئے تیجسوی یادو نے کہا کہ وہ صرف فسادات بھڑکاتے ہیں اور ہندوؤں اور مسلمانوں کو لڑاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نفرت کی سیاست کرتی ہے اور ہمیں ایک ایسی حکومت بنانا ہے جس میں تمام ذاتوں اور مذاہب کے لوگوں کا احترام ہو۔ اسٹیج پر کئی عظیم اتحاد لیڈر موجود تھے، جن میں وی آئی پی سربراہ مکیش سہنی اور پران پور سے آر جے ڈی امیدوار عشرت پروین شامل تھے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan