
اورنگ آباد ریلوے اسٹیشن کا نام اب چھترپتی سمبھاجی نگر ریلوے اسٹیشن ہوگیا
اورنگ آباد،26 اکتوبر(ہ س)۔
مرکزی وزارت داخلہ نے ہفتے کو مہاراشٹر کے
اورنگ آباد ریلوے اسٹیشن کا نام چھترپتی سمبھاجی نگر ریلوے اسٹیشن کرنے کی منظوری
دے دی، جس کے بعد سنٹرل ریلوے نے اتوار کو تصدیق کی کہ اس فیصلے پر عمل درآمد شروع
کر دیا گیا ہے۔ نیا اسٹیشن کوڈ CPSN متعین کیا گیا ہے۔
یہ ریلوے
اسٹیشن جنوبی وسطی ریلوے کے ناندیڑ ڈویژن کے دائرہ کار میں آتا ہے۔ حکام کے مطابق،
نام کی تبدیلی کا تمام باضابطہ عمل مکمل ہو چکا ہے اور جلد ہی پلیٹ فارم بورڈز،
ٹکٹنگ سسٹم، ٹائم ٹیبلز اور ڈیجیٹل ڈسپلے پر نیا نام درج کر دیا جائے گا۔
سنٹرل ریلوے
نے ہفتے کے روز اپنے اعلامیے میں واضح کیا کہ ’’اورنگ آباد اسٹیشن‘‘ اب ’’چھترپتی
سمبھاجی نگر اسٹیشن‘‘ کے طور پر جانا جائے گا، اور اس کے لیے نیا کوڈ بھی سسٹم میں
شامل کر دیا گیا ہے۔ ریاستی
حکومت نے 2022 میں شہر اورنگ آباد کا نام تبدیل کرنے کی منظوری دی تھی، لیکن ریلوے
اسٹیشن کے نام کی تبدیلی کے لیے مرکز کی منظوری اور متعدد انتظامی رسمی کارروائیوں
کی تکمیل ضروری تھی۔ تمام مراحل مکمل ہونے کے بعد یہ فیصلہ اب باضابطہ طور پر نافذ
کر دیا گیا ہے۔ واضح
رہے کہ ریاستی حکومت کے فیصلے کے خلاف بامبے ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں درخواستیں
دائر کی گئی تھیں، تاہم دونوں عدالتوں نے ان درخواستوں کو خارج کرتے ہوئے حکومت کے
فیصلے کو برقرار رکھا۔
ہندوستھان
سماچار
ہندوستان سماچار / جاوید این اے