لداخ میں 209 خواتین سمیت 450 نوجوانوں نے پولیس میں شمولیت اختیار کی
لداخ میں 209 خواتین سمیت 450 نوجوانوں نے پولیس میں شمولیت اختیار کی جموں، 26 اکتوبر (ہ س)۔ لداخ پولیس کی تاریخ میں ایک تاریخی باب اُس وقت رقم ہوا جب ہفتے کے روز 450 سے زائد ریکروٹس، جن میں 209 باہمت خواتین شامل ہیں، اپنی تربیت مکمل کرنے کے بعد با
Police


لداخ میں 209 خواتین سمیت 450 نوجوانوں نے پولیس میں شمولیت اختیار کی

جموں، 26 اکتوبر (ہ س)۔

لداخ پولیس کی تاریخ میں ایک تاریخی باب اُس وقت رقم ہوا جب ہفتے کے روز 450 سے زائد ریکروٹس، جن میں 209 باہمت خواتین شامل ہیں، اپنی تربیت مکمل کرنے کے بعد باضابطہ طور پر فورس میں شمولیت اختیار کی۔ یہ پاسنگ آؤٹ پریڈ لداخ کو 2019 میں مرکز کے زیرِ انتظام خطے کا درجہ ملنے کے بعد اپنی نوعیت کی پہلی تقریب تھی۔

پولیس ٹریننگ سینٹر سٹونگ سار میں منعقدہ اس شاندار تقریب میں لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر کویندر گپتا نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ انہوں نے پریڈ کا معائنہ کیا، مارچ پاسٹ کے دوران سلامی لی اور بہترین کارکردگی دکھانے والے ریکروٹس کو انعامات سے نوازا۔ انعام یافتگان میں سونم یانگچن جگمت اور محمد شریف سرفہرست رہے۔

لیفٹیننٹ گورنر نے اس موقع کو بھارت کی سب سے کم عمر پولیس فورس کے سفر کا ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج کا دن لداخ پولیس کے نظم و ضبط، عزم، اور خود انحصاری کی علامت ہے۔

انہوں نے کہا کہ مرکز کے زیرِ انتظام خطہ بننے کے بعد سے لداخ پولیس نے بے شمار چیلنجوں کا سامنا کیا ہے — بنیادی ڈھانچے کی جدید کاری، تربیتی ڈھانچے کی تشکیل، اور اسٹریٹجک اہمیت کے حامل علاقوں میں امن و امان کو یقینی بنانا انہی چیلنجوں کا حصہ ہیں۔انہی آزمائشوں نے لداخ پولیس کے حوصلے اور استقامت کو جلا بخشی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ پولیس فورس کی جدید کاری، انفراسٹرکچر میں بہتری، اعلیٰ تربیت، رہائش، فلاح و بہبود اور ڈیجیٹل تبدیلی کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔ لداخ کے اہم سیاحتی مقامات پر پولیس کی موجودگی میں اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ خواتین کی شمولیت، جدید مواصلاتی نظام، اور پولیس اہلکاروں و اُن کے اہلِ خانہ کی فلاح پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ 2022 میں قائم کیا گیا پولیس ٹریننگ سینٹر سٹونگ سار لداخ کے لیے تربیتی خودکفالت کا نیا دور ثابت ہوگا۔یہ ادارہ نہ صرف لداخ کی مخصوص جغرافیائی و موسمی ضروریات کے مطابق مقامی اہلکاروں کو تربیت دے گا بلکہ مستقبل میں دیگر محکموں کی تربیتی ضروریات بھی پوری کرے گا۔

گپتا نے بتایا کہ 453 نئے ریکروٹس بشمول 209 خواتین اہلکاروں نے کامیابی کے ساتھ تربیت مکمل کی ہے — جو حکومت کی نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے کی سنجیدہ کوششوں کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ سب انسپکٹرز کی بھرتی کا عمل بھی جلد شروع کیا جائے گا تاکہ فورس کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

اس موقع پر ڈی جی پی لداخ ایس ڈی سنگھ جموال نے اپنے خطاب میں بتایا کہ ماضی میں لداخ کے نئے پولیس اہلکاروں کی تربیت اور پاسنگ آؤٹ پریڈ جموں و کشمیر میں منعقد کی جاتی تھی، لیکن اب پہلی بار یہ تاریخی تقریب لیہہ میں منعقد ہوئی ہے، جو ملک کے بلند ترین تربیتی مراکز میں شمار ہوتی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ لداخ پولیس مستقبل قریب میں ایک ونٹر اسپورٹس سینٹر قائم کرنے جا رہی ہے تاکہ مقامی نوجوانوں کو کھیلوں میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جا سکیں اور اُن کی جسمانی و فنی صلاحیتوں کو مزید نکھارا جا سکے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande