ماتا ویشنو دیوی یاتریوں کی ہلاکتوں کا معاملہ، عدالت نے پولیس سے رپورٹ طلب کی
ماتا ویشنو دیوی یاتریوں کی ہلاکتوں کا معاملہ، عدالت نے پولیس سے رپورٹ طلب کی جموں،26 اکتوبر(ہ س)۔ ماتا ویشنو دیوی یاترا کے دوران ادھکواری میں 35 عقیدت مندوں کی ہلاکت کے سلسلے میں سب جج کٹرا سدھانت وید نے ایک اہم حکم جاری کرتے ہوئے ایس ایس پی ری
Katra.


ماتا ویشنو دیوی یاتریوں کی ہلاکتوں کا معاملہ، عدالت نے پولیس سے رپورٹ طلب کی

جموں،26 اکتوبر(ہ س)۔

ماتا ویشنو دیوی یاترا کے دوران ادھکواری میں 35 عقیدت مندوں کی ہلاکت کے سلسلے میں سب جج کٹرا سدھانت وید نے ایک اہم حکم جاری کرتے ہوئے ایس ایس پی ریاسی اور ایس ایچ او پولیس اسٹیشن بھون کٹرا سے ایکشن ٹیکن رپورٹ طلب کی ہے۔ یہ احکامات ایک شکایت کی بنیاد پر جاری کیے گئے ہیں جو روہت بالی ولد درباری لال بالی سکنہ تلاب تلو، جموں نے دائر کی ہے۔ شکایت گزار نے چیف ایگزیکٹیو آفیسر شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ، سچن کمار ویشیا اور دیگر متعلقہ افسران کے خلاف بی این ایس کی دفعات 105 اور 106 کے تحت ایف آئی آر درج کرنے کی استدعا کی ہے۔ شکایت کے مطابق، 26 اگست کو ادھکواری کے مقام پر شرائن بورڈ کے افسران کی مجرمانہ غفلت کے باعث 35 معصوم یاتری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

شکایت میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ 25 اگست کو محکمہ موسمیات جموں و کشمیر اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے خطے میں شدید بارشوں، بادل پھٹنے اور طغیانی کے خدشے کے پیش نظر ریڈ الرٹ جاری کیا تھا۔ اس کے باوجود شرائن بورڈ انتظامیہ نے یاترا معطل کرنے یا کسی قسم کی حفاظتی ایڈوائزری جاری کرنے میں غفلت برتی، جس کے نتیجے میں 26 اگست کو ادھکواری میں المناک حادثہ رونما ہوا، جس میں درجنوں عقیدت مند جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔ شکایت گزار نے مزید بتایا کہ اس نے 28 اگست کو ایس ایچ او پولیس اسٹیشن بھون اور انچارج پولیس پوسٹ ادھکواری کو تحریری شکایت بھیجی، تاہم کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ بعد ازاں، 16 ستمبر کو اس نے ایس ایس پی ریاسی کو بھی تحریری درخواست پیش کی تاکہ متعلقہ پولیس افسران کو ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت دی جائے۔ عدالت نے مقدمے کے ریکارڈ اور دلائل کا جائزہ لیتے ہوئے قرار دیا کہ شکایت گزار نے بی این ایس ایس 2023 کی دفعات 173(1) اور 173(4) کے تحت تمام قانونی تقاضے پورے کیے ہیں۔ عدالت نے مشاہدہ کیا کہ درخواست داخل کیے جانے کے ایک ماہ سے زائد عرصہ گزر چکا ہے، لہٰذا ضابطہ فوجداری کی دفعہ 175(3) کے تحت پولیس حکام سے ایکشن ٹیکن رپورٹ طلب کی جاتی ہے۔ سب جج سدھانت وید نے حکم دیا کہ عدالت کا یہ حکم نامہ ایس ایس پی ریاسی اور ایس ایچ او پولیس اسٹیشن بھون کو بذریعہ سرکاری وکیل روانہ کیا جائے، تاکہ وہ دو ہفتوں کے اندر اندر اپنی رپورٹ عدالت میں پیش کریں۔ معاملہ 30 اکتوبر کو مزید سماعت کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande