
نئی دہلی،26اکتوبر(ہ س)۔ بیرونی شمالی ضلع کے علی پور علاقے میں سنیچر کی رات ایک خاندانی تنازعہ اس وقت پرتشدد ہو گیا جب بیوی کے رشتہ داروں نے گھر میں گھس کر شوہر اور اس کے اہل خانہ پر چاقو سے حملہ کر دیا۔ حملے میں ایک ہی خاندان کے تین افراد باپ، بیٹا اور بھائی شدید زخمی ہوئے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
ایک سینئر پولیس افسر نے اتوار کو بتایا کہ یہ واقعہ 25 اکتوبر کی رات تقریباً 9 بجے پیش آیا۔ ایک شخص نے علی پور تھانے میں فون کر کے کہا کہ میرے پیٹ میں چھرا گھونپا گیا ہے۔ پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی تاہم تب تک لوگوں کی مدد سے زخمیوں کو اسپتال پہنچایا جا چکا تھا۔ تحقیقات میں زخمیوں کی شناخت عمران (36)، اس کے بھائی صابر (40) اور اس کے والد فریاد (62) کے طور پر ہوئی ہے۔ تینوں پلہ کالونی اکبر پور ماجرہ کے رہائشی ہیں۔ صابر اور فریاد کا علاج ستیہ وتی راجہ ہریش چندر ہسپتال، نریلا میں ہو رہا ہے، جبکہ عمران کا علاج ایل این جے پی ہسپتال میں ہو رہا ہے۔
پولیس افسر کے مطابق تفتیش سے معلوم ہوا کہ عمران کا اپنی بیوی نغمہ سے تقریباً ایک ماہ قبل جھگڑا ہوا تھا۔ جس کے بعد نغمہ اپنے بچوں کے ساتھ اپنے والدین کے گھر چلی گئی۔ چند روز قبل عمران اپنی بیٹی کے ساتھ گھر واپس آیا جس پر نغمہ ناراض ہوگئی۔ ہفتہ کو نغمہ اور اس کے رشتہ دار اس معاملے کو لے کر عمران کے گھر پہنچے۔ گھر پہنچنے پر دونوں فریقوں کے درمیان جھگڑا شروع ہوگیا جو جلد ہی پرتشدد لڑائی میں بدل گیا۔ اس واقعے کے دوران نغمہ کے بھائی عبدالرحمان اور اس کے ساتھیوں نے عمران، اس کے بھائی اور اس کے والد پر چھریوں سے حملہ کیا۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی