
بھوپال، 26 اکتوبر (ہ س)۔ مدھیہ پردیش میں موسم میں اب تبدیلی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ بارش کی سرگرمیوں کے درمیان صوبے میں آہستہ آہستہ سردی بڑھنے لگی ہے۔ کئی اضلاع میں رات کا درجہ حرارت 15 ڈگری تک پہنچ گیا ہے۔ آج اتوار کو صوبے کے اندور ڈویزن کے اضلاع میں بارش کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ بارش کے سبب آنے والے چند دنوں میں درجہ حرارت میں مزید کمی کی توقع ہے۔ اکتوبر کے آخری ہفتے میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ڈپریشن (کم دباو) کے فعال ہونے سے مدھیہ پردیش میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ اتوار سے اس نظام کا اثر زیادہ رہے گا۔ دھار، بڑوانی، جھابوا اور علی راج پور میں اگلے دو دن تیز بارش کا الرٹ ہے۔ اسی طرح صوبے کے 24 اضلاع میں بھی موسم بدلے گا۔ اندور اور اجین میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔ بھوپال میں ہفتہ کی رات سے بارش ہو رہی ہے۔ اس سے پہلے ہفتہ کو بھوپال، اجین، شاجاپور، پانڈھرنا سمیت کئی اضلاع میں بارش ہوئی۔ شاجاپور کے اکودیا اور پانڈھرنا میں تو سڑکوں پر پانی بہہ گیا۔ بھوپال میں بادل چھانے اور دھند کی وجہ سے حد بصارت کم ہوگئی۔ موسم میں پہلی بار اتنی شدید دھند دیکھی گئی۔
اگلے 24 گھنٹوں کے دوران اندور حلقے کے دھار، بڑوانی، جھابوا اور علی راج پور میں تیز بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ یہاں ڈھائی سے ساڑھے چار انچ تک بارش ہو سکتی ہے۔وہیں اندور، اجین، رتلام، آگر-مالوا، رتلام، کھرگون، برہان پور، کھنڈوا، دیواس، شاجاپور، سیہور، ہردا، نرمداپورم، بیتول، نرسنگھ پور، چھندواڑا، پانڈھرنا، سیونی، منڈلا اور بالاگھاٹ میں ہلکی بارش، گرج چمک اور آندھی کا الرٹ ہے۔ باقی اضلاع میں موسم صاف رہے گا اور دھوپ نکلے گی۔ محکمہ موسمیات نے 27، 28 اور 29 اکتوبر تک بارش، گرج چمک اور آندھی کا امکان ظاہر کیا ہے۔ بھوپال، اندور، اجین، نرمداپورم اور جبل پور حلقوں میں اس کا اثر دیکھنے کو ملے گا۔
واضح رہے کہ صوبے میں گزشتہ چند دنوں سے زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجہ حرارت میں کمی دیکھنے کو ملی ہے، خاص طور پر رات کا درجہ حرارت 15 ڈگری تک پہنچ گیا ہے۔ ہفتہ کو بارش ہونے کی وجہ سے کئی شہروں میں دن کے درجہ حرارت میں بھی کمی آئی۔ بارش کے وقفے کے بعد رات کے درجہ حرارت میں مزید کمی کا امکان ہے۔ منڈلا، نرسنگھ پور، ریوا، ساگر، ستنا، سیونی، سیدھی، ٹیکم گڑھ، اومریا، بھوپال، بیتول، گنا، چھندواڑا، دموہ، جبل پور، کھجوراہو، نرمداپورم، اندور، پچمڑھی، رتلام اور اجین میں رات کا درجہ حرارت 20 ڈگری سے زیادہ ہے۔ آنے والے چند دنوں میں درجہ حرارت مزید گرنے کا امکان ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن