
مرکزی صنعت و تجارت وزیر اپنے یورپی یونین ہم منصب کے ساتھ بات چیت کریں گے
نئی دہلی، 26 اکتوبر (ہ س)۔ مرکزی صنعت وتجارت وزیر پیوش گوئل یورپی یونین (ای یو) کے ساتھ مجوزہ آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) کی بات چیت کو آگے بڑھانے اور سیاسی رفتار دینے کے لیے 28-27 اکتوبر کو بروسلز کا دورہ کریں گے۔ اس دوران گوئل اپنے یورپی یونین ہم منصب کے ساتھ بات چیت کریں گے۔
صنعت و تجارت وزارت کے مطابق پیوش گوئل 28-27 اکتوبر کو بروسلز، بیلجیئم کے دورے کے دوران یورپی یونین کے ایگزیکٹو نائب صدر اور یورپی تجارت کمشنر ماروس شیفووچ کے ساتھ اعلیٰ سطحی بات چیت کریں گے۔ وزارت نے کہا کہ اس ماہ کے آغاز میں ہونے والے 14ویں دور کی بات چیت سے حاصل شدہ رفتار کو آگے بڑھاتے ہوئے وزیر تجارت کا دورہ بات چیت کو حکمت عملی کی سمت اور سیاسی رفتار دینے کے لیے ہے۔
صنعت و تجارت وزارت کے مطابق مجوزہ آزاد تجارتی معاہدے کے اہم شعبوں، جیسے مارکیٹ تک رسائی، غیر محصولاتی اقدامات اور ضابطہ جاتی تعاون پر بات چیت ہونے کی توقع ہے۔ وزیر تجارت کا یہ دورہ اب تک ہوئی پیش رفت کا جائزہ لینے اور آگے تعاون کی ضرورت والے شعبوں کی شناخت میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔
بروسلز میں وزیر پیوش گوئل کی کمشنر شیفووچ کے ساتھ دو طرفہ ملاقات اور اس کے بعد عشائیہ ہوگا، جہاں دونوں رہنما ہندوستان-یورپی یونین تجارت اور اقتصادی شراکت داری کو مضبوط کرنے کی مشترکہ خواہش کی تصدیق کریں گے۔ وزیر تجارت گوئل کا بروسلز دورہ مشترکہ نقطہ نظر کو ٹھوس نتائج میں تبدیل کرنے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن