نئی دہلی، 22اکتوبر (ہ س)۔
آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ 16 نومبر 2025 کو دہلی کے رام لیلا میدان میں وقف ترمیمی قانون کے خلاف ایک عوامی اجلاس منعقد کر رہا ہے ،جس سے تمام دینی و ملی رہنما، سیاسی پارٹیوں کے سربراہان، ممبران پارلیمنٹ، اقلیتی رہنما اور سول سوسائٹی کے اہم افراد خطاب فرمائیں گے۔
مسلم پرسنل لا بورڈ کی تحفظ اوقاف تحریک کے کل ہند کنوینر ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ تحفظ اوقاف مہم کے دوسرے مرحلہ کے روڈ میپ کا یہ ایک اہم پروگرام ہے جس میں پورے ملک سے بڑی تعداد میں لوگ شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ یہ اجلاس دہلی میں منعقد ہو رہا ہے اس لئے دہلی و اطراف دہلی، مغربی اترپردیش اور میوات(ہریانہ) کے مسلمانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ بڑی تعداد میں اجلاس میں شرکت کر کے متنازعہ وقف ترمیمی قانون کے خلاف اپنے غم و غصہ کا اظہار کریں۔
ڈاکٹر الیاس کے مطابق اجلاس کی صدارت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی ، صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ فرمائیں گے۔ جن اہم دینی و ملی رہنماو¿ں نے اجلاس میں شرکت کی رضا مندی دے دی ہے،ان میں جمعیة علماءہند کے صدر مولانا سید ارشد مدنی، مرکزی جمعیت اہل حدیث کے امیر مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی، سابق ایم پی اور نائب صدر بورڈ مولانا عبیداللہ خان اعظمی ، جماعت اسلامی ہند کے امیر سید سعادت اللہ حسینی ، شیعہ جامع مسجد کشمیری گیٹ کے امام اور نائب صدر بورڈ مولانا محمد علی محسن تقوی ، جمعیة علماءکے صدر مولانا سید محمود اسعد مدنی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ جامع مسجد دہلی کے شاہی امام مولانا سید احمد بخاری اور فتح پوری مسجد کے شاہی امام مولانا ڈاکٹر مفتی مکرم احمد کی شرکت بھی متوقع ہے۔ سیاسی پارٹیوں میں کانگریس،این سی پی، سماج وادی پارٹی، آرجے ڈی، عام آدمی پارٹی، ڈی ایم کے، ترنمول کانگریس، شیو سینا اور بیجو جنتا دل کے رہنماو¿ں اور ممبران پارلیمنٹ کی شرکت بھی متوقع ہے۔
بورڈ کے ترجمان ڈاکٹر الیاس نے دہلی واطراف دہلی، مغربی اترپردیش، میوات ہریانہ وغیرہ اور دیگر قریبی ریاستوں کے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کثیر تعداد میں اجلاس میں شریک ہو کر اپنے اوقافی املاک(مساجد، مدارس، عیدگاہوں، امام باڑوں، درگاہوں، خانقاہوں اور دیگر خیراتی اداروں) کو بچانے کے لئے میدان عمل میں آئیں۔ انہوں نے بطور خاص ان علاقوں کے تمام ائمہ مساجد، ملی تنظیموں اور ملی اداروں کے ذمہ داروں سے اپیل کی ہے کہ وہ جمعہ کے خطبات و تقاریر کے ذریعہ مسلمانوں کو شرکت پر آمادہ کریں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais