جموں پولیس نے منشیات فروشوں کے ایک بڑے نیٹ ورک کو بے نقاب کیا
جموں، 19 اکتوبر (ہ س)۔ جموں پولیس نے منشیات کے خلاف اپنی مہم میں زبردست کامیابی حاصل کرتے ہوئے دو بڑے نیٹ ورکس کو بے نقاب کیا ہے، جس دوران آٹھ افراد بشمول خواتین اسمگلروں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن برآمد کی گئی ہے۔
Drug


جموں، 19 اکتوبر (ہ س)۔

جموں پولیس نے منشیات کے خلاف اپنی مہم میں زبردست کامیابی حاصل کرتے ہوئے دو بڑے نیٹ ورکس کو بے نقاب کیا ہے، جس دوران آٹھ افراد بشمول خواتین اسمگلروں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن برآمد کی گئی ہے۔

پولیس ترجمان کے مطابق، راجیو نگر (باہو فورٹ) اور آر ایس پورہ علاقوں میں کی گئی ان کارروائیوں کے نتیجے میں متعدد بدنام زمانہ منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا، جو طویل عرصے سے اس مکروہ دھندے میں ملوث تھے۔ پولیس نے بتایا کہ یہ کارروائیاں منشیات کے خلاف جموں پولیس کے عزم، پیشہ ورانہ صلاحیت اور مربوط ٹیم ورک کا واضح مظہر ہیں۔

پہلی کارروائی کے دوران پولیس نے راجیو نگر، نروال کے وشال کمار کو ویو مال کے قریب سے گرفتار کیا، جس کے قبضے سے 275 گرام ہیروئن اور ایک الیکٹرانک وزن مشین برآمد ہوئی۔ تفتیش کے دوران ملزم نے انکشاف کیا کہ اس نے یہ منشیات رینا نامی خاتون سے حاصل کی تھی۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نائب تحصیلدار باہو فورٹ کی موجودگی میں اس کے گھر پر چھاپہ مارا، جہاں سے 55 گرام ہیروئن، ایک وزن مشین اور 33,490 روپے نقد برآمد ہوئے۔ خاتون کو گرفتار کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

اسی ریکٹ سے منسلک مزید تین افراد کو بھی حراست میں لیا گیا جن کے قبضے سے 13 گرام ہیروئن، دو وزن مشینیں اور 3,050 روپے نقدی برآمد ہوئی۔دوسری کارروائی میں پولیس نے آر ایس پورہ کے چک تلاب علاقے میں تین بین الاضلاعی اسمگلروں اندرجیت، وشال کمار اور جگدیش راج کو گرفتار کیا، جن کے قبضے سے 186 گرام ہیروئن ضبط کی گئی۔

گرفتار ملزمان کا تعلق پنجاب کے ضلع گرداسپور سے بتایا جا رہا ہے۔

ایک سینئر پولیس افسر نے کہا کہ جموں پولیس منشیات کے قلع قمع کے لیے پرعزم ہے اور عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے علاقوں میں کسی بھی مشتبہ سرگرمی یا منشیات فروشی سے متعلق اطلاع پولیس کو فراہم کریں تاکہ منشیات سے پاک معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande