- گرجوت سنگھ (22') نے پہلا گول کیا، جبکہ سوربھ آنند کشواہا (48') نے فاتحانہ گول کیا
جوہور (ملیشیا)، 17 اکتوبر (ہ س)۔ ہندوستانی جونیئر مردوں کی ہاکی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پول مرحلے کے آخری میچ میں میزبان ملیشیا کو 2-1 سے شکست دے کر سلطان آف جوہور کپ 2025 کے فائنل میں جگہ بنالی۔ اب خطابیمیچ میں ہندوستان کا مقابلہ آسٹریلیا سے ہوگا۔ بھارت کی جانب سے پہلا گول گرجوت سنگھ نے 22ویں منٹ میں کیا جبکہ سوربھ آنند کشواہا نے 48ویں منٹ میں فیصلہ کن گول کیا۔ ملیشیا کی جانب سے واحد گول ناوینش پنیکر نے 43ویں منٹ میں کیا۔
فائنل میں جگہ یقینی بنانے کے مقصد سے ہندوستانی ٹیم نے شروع سے ہی جارحانہ انداز اپنایا۔ ہندوستانی فارورڈز نے تیز حملے کیے اور ملیشیا کے دفاع پر دباو ڈالا۔ اگرچہ پہلے کوارٹر میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا لیکن کوئی بھی ٹیم گول نہ کر سکی اور اسکور 0-0 رہا۔ دوسرے کوارٹر میں ہندوستان نے ملیشیا کو بیک فٹ پر دھکیل دیا۔ 22ویں منٹ میں گرجوت سنگھ نے پنالٹی کارنر ریباونڈ سے شاندار گول کر کے بھارت کو 1-0 کی برتری دلا دی۔ ہندوستان نے اس برتری کو ہاف ٹائم تک برقرار رکھا۔
تیسرے کوارٹر میں ملیشیا نے واپسی کی کوشش کی اور ناوینش پنیکر نے 43ویں منٹ میں گول کر کے اسکور 1-1 کر دیا۔ فائنل کوارٹر دلچسپ رہا۔ 48ویں منٹ میں سوربھ آنند کشواہا نے قریب سے گول کرکے ہندوستان کو 2-1 کی برتری دلادی۔ اس کے بعد ملیشیا نے برابری کے لیے زوردار حملے کیے لیکن ہندوستانی دفاع نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے برتری برقرار رکھی اور فتح کو یقینی بنایا۔
اب ہندوستان کا فائنل میچ آسٹریلیا کے خلاف 18 اکتوبر کو شام 6 بجکر 5 منٹ پر (بھارتی وقت کے مطابق) ہوگا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد