نئی دہلی، 14 اکتوبر (ہ س)۔ سینئر آئی پی ایس افسر وائی پورن کمار کے اہل خانہ سے ملاقات کے بعد کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے ان کی خودکشی کے معاملے میں گرفتاری نہ ہونے پر ناراضگی ظاہر کی اور حکومت سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔
راہل گاندھی نے پوسٹ میں کہا کہ وائی پورن کمار کی خودکشی ایک ایسا سانحہ ہے جو سماج اور نظام کے ضمیر کو ہلا کر رکھ دیتا ہے۔ ان کی بیوی اپنے شوہر کی آخری رسومات وقار کے ساتھ ادا کرنے کے لیے ایک ہفتے سے انتظار کر رہی ہے اور پوری دلت برادری اس درد کو محسوس کر رہی ہے۔ حکومت مجرموں کے خلاف فوری کارروائی کرے۔
کانگریس جنرل سکریٹری اور وایناڈ کی ایم پی پرینکا گاندھی واڈرا نے ایکس پر کہا کہ سینئر آئی پی ایس افسر وائی پورن کمار نے ذات پات کی بنیاد پر ہراساں کیے جانے کی وجہ سے خودکشی کی ہے اور ان کا خاندان انصاف کے لیے جدوجہد کر رہا ہے۔ یہ واقعہ ظاہر کرتا ہے کہ اس حکومت میں اعلیٰ عہدوں پر پہنچنے والے دلتوں کو بھی تحفظ اور انصاف کا یقین نہیں ہے اور ایسے واقعات ملک کی بدنامی کا باعث ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ راہل گاندھی نے منگل کو وائی پورن کمار کی اہلیہ امنیت پی کمار اور ان کی بیٹیوں سے چندی گڑھ میں ملاقات کی۔ ان کے ساتھ ہریانہ کے اپوزیشن لیڈر بھوپندر سنگھ ہڈا، کانگریس کے راؤ نریندر سنگھ، ممبران پارلیمنٹ کماری سیلجا، ورون چودھری، دیپیندر سنگھ ہڈا اور دیگر لیڈران بھی موجود تھے۔ میٹنگ کے بعد راہل گاندھی نے میڈیا سے کہا کہ یہ صرف خاندانی مسئلہ نہیں ہے، بلکہ پوری دلت برادری کو ایک غلط پیغام دیتا ہے: کہ اگر وہ قابل اور کامیاب بھی ہوں، تب بھی ان پر ظلم کیا جا سکتا ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی