وزیر اعلیٰ کا سخت رخ، سیونی حوالا منی لوٹ کیس میں 11 پولیس اہلکاروں کے خلاف ایف آئی آر، 5 زیر حراست
سیونی، 14 اکتوبر (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے سیونی ضلع میں 1.45 کروڑ روپے کے حوالا منی لوٹ معاملے میں بڑی کارروائی ہوئی ہے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے اس معاملے میں سخت رخ اپناتے ہوئے قصوروار پولیس اہلکاروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت دی۔ منگل کو وزیر اعلیٰ کے حکم کے بعد ایس ڈی او پی پوجا پانڈے سمیت 11 پولیس اہلکاروں کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی۔ پولیس نے پانچ ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ ریاست میں امن و امان برقرار رکھنا اور شہریوں کی حفاظت پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔ ریاستی حکومت اپنے فرائض سے انحراف کرنے والے پولیس افسران کو برداشت نہیں کرے گی۔ قانون سب کے لیے برابر ہے، کسی کو نہیں بخشا جائے گا۔
اس معاملے میں بی این ایس کی دفعہ 310 (2) (ڈکیتی)، 126 (2) (غلط طریقے سے روکنا)، 140 (3) (اغوا) اور 61 (2) (مجرمانہ سازش) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ایس ڈی او پی پوجا پانڈے، ایس آئی ارپت بھیرم، کانسٹیبل یوگیندر، کانسٹیبل نیرج، اور کانسٹیبل جگدیش کو حراست میں لیا گیا ہے۔ جبکہ ہیڈ کانسٹیبل مکھن، ہیڈ کانسٹیبل راجیش جانگیلا، کانسٹیبل رویندر اوئیکے، کانسٹیبل ڈرائیور رتیش، گن مین کیدار، اور گن مین سداپھل کے نام بھی ایف آئی آر میں شامل ہیں۔
ایف آئی آر کے مطابق پولیس کو اطلاع ملی کہ غیر قانونی رقم (حوالہ رقم) جبل پور سے ناگپور منتقل کی جا رہی ہے۔ چیکنگ کے دوران ایم ایچ 13 ای کے 3430 نمبر کی کریٹا کار سے 1.45 کروڑ برآمد ہوئے۔ بتایا گیا ہے کہ ضبطی کے دوران ملزم موقع سے فرار ہو گئے تھے۔
10 اکتوبر کو ایس ڈی او پی پوجا پانڈے اور ٹی آئی ارپت بھیرم نے اس رقم کو کوتوالی کے خزانے میں جمع کرایا اور دعویٰ کیا کہ یہ جوا اور سٹے بازی کی آمدنی ہے۔ تاہم، بعد کی تحقیقات میں تضادات سامنے آئے۔
معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے جبل پور رینج کے آئی جی پرمود ورما اور ڈی آئی جی راکیش سنگھ سیونی پہنچے۔ آئی جی ورما نے کہا کہ ایف آئی آر اور تفتیش میں کئی گڑبڑیاں ملی ہیں، اس لیے تفتیش جبل پور کے اے ایس پی (کرائم) جتیندر سنگھ کو سونپی گئی ہے۔ جبل پور کے آئی جی پرمود ورما نے ایس پی سنیل مہتا اور ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس دیپک مشرا کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا ہے۔
حوالا آپریٹرز کے ساتھ ڈیل ناکام ہو گئی۔
ذرائع کے مطابق حوالا آپریٹرز نے 9 اکتوبر کو 2.96 کروڑ روپےکی چوری کی شکایت درج کروائی تھی۔ بتایا گیا کہ اگلے دن سب ڈویژنل مجسٹریٹ (ایس ڈی او پی نے تقریباً 1.51 کروڑ واپس کرنے کی کوشش کی، لیکن اس رقم میں 25 لاکھ روپے کم ملے، جس سے معاملہ روشنی میں آیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن