نئی دہلی، 13 اکتوبر (ہ س)۔
آوٹر نارتھ ڈسٹرکٹ کے سائبر پولیس اسٹیشن نے مبینہ طور پر آن لائن نوکریاں فراہم کرنے والے جعلسازوں کے گروہ کا پردہ فاش کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ ملزمان کی شناخت محمد اکبر (32) اور روپیندر کمار (36) کے طور پر ہوئی ہے، دونوں دہلی کے رہنے والے ہیں۔ ملزمان جعلی ویب سائیٹس کا استعمال کرکے اور جعلی نوکری کنسلٹنٹ ظاہر کرکے لوگوں سے رقم بٹورتے تھے۔ اوٹر نارتھ ڈسٹرکٹ کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس ہریشور سوامی نے پیر کو بتایا کہ روہنی سیکٹر 28 کی رہائشی ایک خاتون شکایت کنندہ نے اطلاع دی تھی کہ Steps4Career.com کا نام استعمال کرتے ہوئے ایک شخص نے اسے نوکری کی پیشکش کا لالچ دیا اور پینل ایڈوکیٹ کے عہدے کے لیے مختلف فیسوں میں 39,498 وصول کیے۔ تاہم، اسے نہ تو نوکری ملی اور نہ ہی اس کے پیسے واپس۔ شکایت کی بنیاد پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔
انسپکٹر گووند سنگھ کی قیادت میں ایک پولیس ٹیم نے تکنیکی نگرانی کا استعمال کرتے ہوئے دریافت کیا کہ دھوکہ دہی کی گئی رقوم کو ایکسس بینک اور اے یو اسمال فائنانس بینک کے کھاتوں میں منتقل کیا گیا تھا۔ ایک اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے، پولیس نے اکبر اور روپندر کو دہلی سے گرفتار کیا، جب کہ تیسرا ملزم پردیومن پانڈے فرار ہے۔ تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ پردیومن پانڈے اہم ملزم تھا، جس نے دھوکہ دہی کی رقم جمع کرنے کے لیے دوسرے لوگوں کے بینک کھاتوں کا استعمال کیا۔ روپندر نے ثالث کے طور پر کام کیا، اکبر اور دیگر مقامی افراد کے کھاتوں کا انتظام کیا، بدلے میں 10 فیصد کمیشن وصول کیا۔ گرفتاری کے دوران دو موبائل فون، ایک بینک پاس بک، ایک چیک بک اور ایک سم کارڈ ضبط کر لیا گیا۔ روپیندر کے خلاف پہلے بھی دو مجرمانہ کیس درج ہیں۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جعلی ویب سائٹس یا واٹس ایپ میسجز کے ذریعے ملنے والی ملازمت کی پیشکشوں سے محتاط رہیں۔
ہندوستھان ساچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ