اداکار ورون دھون کی فلم 'بے بی جان' 25 دسمبر کو کرسمس کے موقع پر ہر جگہ ریلیز ہوئی تاہم فلم کو شائقین کی جانب سے اچھا رسپانس نہیں ملا۔ اس فلم میں ورون دھون کے ساتھ ساؤتھ کوئین اداکارہ کیرتی سریش مرکزی کردار میں تھیں۔ اس کے علاوہ وامیکا گبی، راجپال یادو جیسی مضبوط اسٹار کاسٹ بے بی جان میں نظر آرہی ہیں۔ یہ ایکشن، ڈرامہ اور رومانس سے بھرپور ہے لیکن یہ فلم ناظرین کو اپنی طرف متوجہ نہیں کر سکی۔
ایک انٹرویو میں راجپال یادو سے سوال پوچھا گیا کہ کیا ورون دھون 'بے بی جان' کے فلاپ ہونے کے بعد ڈپریشن میں چلے گئے ہیں؟ اس کا جواب دیتے ہوئے اداکار نے واضح طور پر کہا کہ ورون بہت اچھا لڑکا ہے اور وہ بہت محنتی بھی ہے، وہ ہمیشہ کچھ مختلف کرنے کی کوشش کرتا رہتا ہے، اس کے لیے اسے سراہا جانا چاہیے کیونکہ کسی بھی چیلنج کو قبول کرنا بہت بڑی بات ہے۔
راجپال یادو کا مزید کہنا تھا کہ اگر بے بی جان تھلاپتی وجے کی تامل فلم تھیری کا ہندی ریمیک نہ ہوتی تو یہ فلم میرے کیریئر کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم ہوتی۔ لیکن تھلاپتی وجے کی تھیری کو بہت سے لوگوں نے دیکھا ہے، اس لیے ناظرین نے فلم سے فاصلہ برقرار رکھا ہے۔
اداکار راجپال یادو کے کام کے بارے میں بات کریں تو وہ حال ہی میں بھول بھولیا میں نظر آئے تھے۔ اس فلم میں انہوں نے کارتک آرین، ودیا بالن اور مادھوری دکشت جیسے اداکاروں کے ساتھ اسکرین شیئر کی۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی