نئی دہلی، 9 جنوری (ہ س)۔ عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے کنوینر اروند کیجریوال کی قیادت میں ایک وفد نے جمعرات کو الیکشن کمیشن سے ملاقات کی اور انہیں نئی دہلی اسمبلی حلقہ میں اپوزیشن امیدوار کی انتخابی مہم اور ووٹر لسٹ میں تازہ کاری سے متعلق اپنی شکایات سے آگاہ کیا۔
دہلی کے وزیر اعلیٰ آتشی، پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان اور ایم پی سنجے سنگھ بھی ان لوگوں میں شامل تھے جنہوں نے کیجریوال کے ساتھ کمیشن سے ملاقات کی۔ کمیشن سے ملاقات کے بعد کیجریوال نے صحافیوں کو بتایا کہ نئی دہلی میں بڑے پیمانے پر ووٹر لسٹ میں نام شامل اور ہٹائے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ پرویش ورما، جو ان کے خلاف الیکشن لڑ رہے ہیں، غلط طریقوں سے ووٹروں کو کھلے عام لبھا رہے ہیں۔
کیجریوال نے کہا کہ 15 دسمبر سے 7 جنوری کے درمیان نئی دہلی اسمبلی حلقہ میں ساڑھے پانچ ہزار ووٹروں کو ہٹانے اور 13 ہزار نئے ووٹروں کو شامل کرنے سے متعلق شکایات اور درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ نئی دہلی اسمبلی حلقہ میں ایک لاکھ ووٹر ہیں۔ ایسی صورت حال میں 18 فیصد سے زیادہ ووٹر لسٹ میں اپ ڈیٹ کا براہ راست انتخابات پر اثر پڑے گا۔
اے اے پی کنوینر نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدوار پرویش ورما نئی دہلی اسمبلی حلقہ میں غلط طریقے سے مہم چلا رہے ہیں۔ ایسے غلط کاموں کو جاری رکھنے میں مقامی انتخابی اہلکار ان کی حمایت کر رہے ہیں۔ انہوں نے مقامی ڈی ای او اور ڈی آر او کو معطل کرنے اور پرویش ورما کو الیکشن لڑنے سے روکنے کا مطالبہ کیا۔
کیجریوال نے کہا کہ پرویش ورما کھلے عام کیمپ لگا رہے ہیں، پیسے بانٹ رہے ہیں اور آئی کیمپ لگا کر چشمے بانٹ رہے ہیں۔ مقامی حکام ان کی شکایات پر ایسے کیمپوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کر رہے ہیں۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی