جامعہ ملیہ اسلامیہ نے ’ایران اور ہندوستان کے درمیان تہذیبی تعلقات‘ کے موضوع پر ٹاک کی میزبانی کی
نئی دہلی،29جنوری(ہ س)۔ سینٹر فار ویسٹ ایشین اسٹڈیز،جامعہ ملیہ اسلامیہ نے ’ایران اور ہندوستان کے درمیان تہذیبی تعلقات:صلاحیتیں اور امکانات‘ کے موضوع پر مورخہ اٹھائیس جنوری دوہزار پچیس کو ایک انتہائی معلوماتی اور فکر انگیز ٹاک کی میزبانی کی۔ واضح رہے
جامعہ ملیہ اسلامیہ نے ’ایران اور ہندوستان کے درمیان تہذیبی تعلقات‘ کے موضوع پر ٹاک کی میزبانی کی


نئی دہلی،29جنوری(ہ س)۔

سینٹر فار ویسٹ ایشین اسٹڈیز،جامعہ ملیہ اسلامیہ نے ’ایران اور ہندوستان کے درمیان تہذیبی تعلقات:صلاحیتیں اور امکانات‘ کے موضوع پر مورخہ اٹھائیس جنوری دوہزار پچیس کو ایک انتہائی معلوماتی اور فکر انگیز ٹاک کی میزبانی کی۔ واضح رہے کہ یہ مذاکرہ جامعہ ملیہ اسلامیہ کے عمارت ابن خلدون میں واقع انڈیا عرب کلچر سینٹر کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوئی۔ ڈاکٹر فریدالدین فریدسر،کلچرل کاو¿نسلر، ایرانی سفارت،دہلی نے یہ ٹاک پیش کیا۔تہذیبی و ثقافتی مطالعات میں دلچسپی رکھنے والے اسکالر، معلمین اور طلبہ وغیرہ اس پروگرام میں شریک ہوئے۔ ڈاکٹر فریدسر نے ہندوستان اور ایران کے مابین سیاسی و تہذیبی تعلقات کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔ان روابط کو آج کس طرح بہتر کیا جاسکتاہے اس سلسلے میں انھوں نے کئی اہم امور کی طرف اشارے کیے۔ان کی گفتگو جغرافیائی سیاست،مشترکہ تہذیب،ادب اور آرٹ سمیت وسیع کنیوس کو محیط تھی۔انھوں نے وہ طریقے بتائے جن سے دونوں ملکوں کے درمیان رشتوں کو بہتر کرنے میں تہذیبی و ثقافتی تعلقات معاونت کرسکتے ہیں۔

سمینار کنوینر پروفیسر انیس الرحمان کی تعارفی تقریر کے ساتھ پروگرام کا آغاز ہوا۔پروفیسر رحمان نے مہمانان کا خیر مقدم کیا اور اس بات کی وضاحت کی کہ دونوں ملکوں کے تہذیبی روابط کیوں اہمیت کے حامل ہیں۔انھوں نے ہند۔ایرانی تعلقات کی اہمیت اجاگر کی اور بتایا کہ دونوں ملکوں کے درمیان افہام وتفہیم کو بہتر کرنے میں تہذیبی لین دین کس طرح معاون ثابت ہوسکتی ہے۔پروفیسر ہمایوں اختر نظامی،ڈائریکٹر،سینٹر فار ویسٹ ایشین اسٹڈیز،جامعہ ملیہ اسلامیہ کے تفصیلی تجزیے کے ساتھ پروگرام اختتام پذیر ہوا۔پروفیسر نظامی نے گراں قدر خیالات کے لیے مقرر کا شکریہ ادا کیا اور جاری تعلیمی و تہذیبی بحث و مباحثے کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔ مغرب ایشیائی خطوں کے تہذیبی مطالعات پر گہری نظر رکھنے والے ماہر کے طور پر انھوں نے اظہار خیا ل کرتے ہوئے ایرانی تہذیب اور سماج کے مطالعہ میں دلچسپی رکھنے والے محققین کو تعاون فراہم کرنے کے سلسلے میں ڈاکٹر فریدالدین فریدسر کا عہد کا ذکر کیا۔ اخیر میں انھو ں نے تمام شرکا اور حاضرین کا ان کی دلچسپی اور انہماک کی ستائش کی اور باقاعدگی سے اسی نوعیت کے مزید پروگرام منعقد کرانے کی اہمیت واضح کی۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Md Owais Owais


 rajesh pande