نئی دہلی، 15 جنوری (ہ س)۔ عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے بدھ کو نئی دہلی اسمبلی سیٹ سے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ نامزدگی سے قبل وہ اپنے خاندان کے ساتھ والمیکی مندر اور قدیم ہنومان مندر پہنچے۔ جہاں انہوں نے پوجا کی۔ اس دوران انہوں نے دہلی کی خوشحالی، امن اور خوشی کے لیے دعا کی۔ اس کے بعد وہ عام آدمی پارٹی کے ہیڈکوارٹر پہنچے، جہاں سے لوگوں کی بڑی تعداد کے ساتھ تقریباً ڈیڑھ کلومیٹر پیدل چل کر اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔
کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے بعد اروند کیجریوال نے کہا کہ دہلی کے لوگ اس بار بھی کام کی سیاست کا انتخاب کریں گے۔ پچھلے 10 سالوں میں دہلی کے لوگوں کی طرف سے دی گئی محبت اور آشیرواد نے مجھے پوری لگن اور خدمت کے جذبے کے ساتھ کام کرنے کی طاقت اور حوصلہ دیا ہے۔ اس موقع پر اروند کیجریوال کی اہلیہ سنیتا کیجریوال، ان کے دونوں بیٹے اور بیٹیاں اور ان کی بہن بھی موجود تھیں۔ اس کے علاوہ عام آدمی پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری آرگنائزیشن اور ایم پی ڈاکٹر سندیپ پاٹھک، دہلی کی سابق میئر شیلی اوبرائے، ایم ایل اے راکھی برلن، پریتی مینن، کونسلر ساریکا چودھری اور دیگر سینئر لیڈران اور کارکنان موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عبدالواحد