کرگل سڑک حادثے میں پانچ افراد جاں بحق
جموں، 15 جنوری (ہ س)۔ کرگل کے شیلیکچے بائی پاس کے قریب پیش آنے والے ایک دلخراش حادثے میں پانچ افراد جاں بحق جبکہ دو افراد زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق یہ اندوہناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب کرگل سے دراس جانے والی ایک اسکارپیو گاڑی شیلیکچے ٹریفک کنٹرول پوائنٹ کے قریب ایک تیز رفتار ٹپر سے ٹکرا گئی۔
تصادم کے نتیجے میں دونوں گاڑیاں ایک گہری کھائی میں جا گریں، جس کے باعث موقع پر ہی پانچ افراد جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں محمد حسن ولد محمد حسین ساکن اسٹاکپا، لیاقت علی ولد اے کے رضا ساکن چوسکور، اور محمد ابراہیم ولد حاجی محمد ساکن بڈگام شامل ہیں۔ دیگر دو جاں بحق افراد، جو غیر مقامی بتائے جا رہے ہیں، اُن کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی ہے۔
امدادی ٹیموں نے فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ کر زخمیوں کو ضلع اسپتال منتقل کیا، جہاں ان کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ لداخ خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسل کرگل کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹیو کونسلر ڈاکٹر محمد جعفر اخون نے اس افسوسناک واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر