پروفیسر عماد الحسن آزاد فاروقی کی وفات علمی دنیا کا عظیم خسارہ/پروفیسر اقتدار محمد خان
شعبہ اسلامک اسٹڈیز میں تعزیتی نشست کا انعقاد نئی دہلی،13جنوری(ہ س)۔ ”پروفیسر عمادالحسن آزاد فاروقی ایک باکمال محقق،متعدد اہم کتابوں کے مصنف،شعبہ اسلامک اسٹڈیز کے سابق صدر اورمرکز برائے تقابل ادیان،جامعہ ملیہ اسلامیہ،نئی دہلی کے سابق ڈائریکٹر تھے۔ان
پروفیسر عماد الحسن آزاد فاروقی کی وفات علمی دنیا کا عظیم خسارہ پروفیسر اقتدار محمد خان


شعبہ اسلامک اسٹڈیز میں تعزیتی نشست کا انعقاد

نئی دہلی،13جنوری(ہ س)۔

”پروفیسر عمادالحسن آزاد فاروقی ایک باکمال محقق،متعدد اہم کتابوں کے مصنف،شعبہ اسلامک اسٹڈیز کے سابق صدر اورمرکز برائے تقابل ادیان،جامعہ ملیہ اسلامیہ،نئی دہلی کے سابق ڈائریکٹر تھے۔ان کا انتقال واقعتا علمی دنیا کا عظیم خسارہ ہے اوراس کی کسک مدتوں علمی دنیا کو محسوس ہوتی رہے گی۔“ان خیالات کا اظہار پروفیسر اقتدار محمد خان،صدر شعبہ اسلامک اسٹڈیز اور ڈین،فیکلٹی آف ہیومینٹیز اینڈ لینگویجز،جامعہ ملیہ اسلامیہ نے شعبہ اسلامک اسٹڈیز میں منعقد ایک تعزیتی نشست میں کیا۔ انہوں نے پروفیسر موصوف کی متعدد خصوصیات پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا کہ ان کی ایک خصوصیت بہ کثرت کتابوں کا مطالعہ کرنا تھا اوران کا یہ عمل تمام اساتذہ اور طلبہ کے لیے مشعل راہ ہے۔پروفیسر سید شاہد علی،سابق صدر شعبہ نے فرمایا کہ پروفیسر فاروقی بہت ہی مخلص استاد اور قائد تھے، ان کی زندگی میں تقویٰ کا پہلو نمایاں تھا اور وہ متعدد اہم خصوصیات جیسے ایمان داری،اصول پسندی،قانون پسندی وغیرہ کے حامل تھے۔جناب جنید حارث،سینئر استادنے فرمایا کہ پروفیسر موصوف نے مذاہب عالم کے حوالے سے بڑا تحقیقی کام کیا ہے اور ان کی اس خدمت سے علمی دنیا ہمیشہ مستفید ہوتی رہے گی۔شعبہ کے استادڈاکٹر محمد خالد خان نے اپنے استاد محترم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے فرمایا کہ وہ علمی اور عبقری شخصیت کے ساتھ ساتھ ملنسار،متواضع اور اعلیٰ اخلاق و صفات کے مالک تھے اور ان کی ہمیشہ یہ کوشش رہتی تھی کہ ان کی ذات سے کسی کو تکلیف نہ ہو۔

ڈاکٹر عمر فاروق نے فرمایا کہ استاد محترم طلبہ کو برابر نہ صرف مطالعہ کی تاکید کرتے تھے،بلکہ وہ اس سلسلے میں بلاتفریق مذہب و مسلک تمام مصنفین کی کتابوں سے مستفید ہونے کی تلقین کرتے تھے۔ڈاکٹر خورشید آفاق نے فرمایا کہ وہ اپنے متعلقین کو سفر وحضر دونوں میں ہی اخلاقی تربیت پر خصوصی زور دیا کرتے تھے۔آخر میں ڈاکٹر محمد مشتاق کی دعائے مغفرت پر پروگرام کا اختتام ہوا۔پروفیسر موصوف کی اہم کتابوں میں دنیا کے بڑے مذہب، اسلامی تہذیب وتمدن مغربی ایشیائی ورثہ،عشق اور بھکتی اور صوفی ازم اور بھکتی وغیرہ ہیں۔اس موقع پر شعبہ کے جملہ اساتذہ ڈاکٹر محمد ارشد،ڈاکٹر عبدالوارث خان،ڈاکٹر جاوید اختر،ڈاکٹر انیس الرحمان،ڈاکٹر محمد اسامہ،ڈاکٹر ندیم سحرعنبریں،ڈاکٹر محمد مسیح اللہ اور ڈاکٹر محمد علی موجود تھے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Md Owais Owais


 rajesh pande