اورنگ آباد ، 7 ستمبر (ہ س) ۔
ملک میں موجودہ حالات کے پیش نظر، اسلام کی بنیادی تعلیمات اور انسانیت کی تکریم کو اجاگر کرنے کی غرض سے وحدت اسلامی ہند کی جانب سے چلائی جا رہی کُل ہند مہم تکریم انسانیت کے ضمن میں اورنگ آباد میں علماء و ائمہ کی نشست کا انعقاد کیا گیا، مولانا عبدالشکور جامعی کی صدارت میں منعقد ہوئی اس نشست میں شہر کے علماء اور ائمہ اکرام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تکریم انسانیت مہم 5 ستمبر سے 4 اکتوبر تک جاری رہے گی۔
نشست کا آغاز مولانا حافظ مہذب ندوی کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد قاری سراج نے رسولِ کریم (ص) کی شان میں نعت کا نذرانہ پیش کیا۔ نشست کی غرض و غایت پر روشنی ڈالتے ہوئے مولانا حافظ اقبال احمد نے کہا کہ موجودہ ملکی صورتحال میں علماء و ائمہ کی ذمہ داریاں مزید بڑھ جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے رسول (ص) کی بعثت کا بنیادی مقصد انسانیت کی فلاح و بہبود تھا اور یہ علماء کا فرض ہے کہ وہ اس پیغام کو عوام تک پہنچائیں۔ مولانا نے علماء و ائمہ سے اپیل کی کہ وہ جمعہ کے خطبات میں تکریم انسانیت کو موضوع بنا کر عوام الناس تک اس مہم کے پیغام کو پہنچائیں۔
نشست کے خصوصی مقرر مولانا عبدالعلیم فلاحی (ناظم مکتب دارالفرقان اکولہ) نے اپنے تفصیلی خطاب میں تکریم انسانیت مہم کے مقاصد، اہمیت اور ضرورت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ یہ مہم اسلام کی وہ عظیم تعلیمات پیش کرنے کا بہترین موقع ہے جو انسانیت کی فلاح کے لیے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ اس وقت ملک میں فرقہ واریت اور تعصبات کی فضا ہے، ایسے میں اسلام کی یہ تعلیمات معاشرتی امن و انصاف کے قیام میں مددگار ثابت ہوسکتی ہیں۔
مولانا عبدالشکور جامعی نے اپنے صدارتی خطاب میں رسول اکرم (ص) کی حیاتِ طیبہ اور آپ کی تعلیمات پر گفتگو کرتے ہوئے فرمایا کہ رسولِ خدا (ص) کی زندگی کا ہر پہلو انسانیت کی تکریم پر مبنی ہے۔ آپ (ص) نے معاشرے کے کمزور طبقات کے حقوق کی حفاظت پر زور دیا، چاہے وہ مزدور ہوں، خواتین ہوں یا دبے کچلے افراد۔ مولانا نے کہا کہ اسلام نہ صرف حقوق کی بات کرتا ہے بلکہ حقوق حاصل کرنے کے لیے ایک مکمل ضابطہ حیات بھی فراہم کرتا ہے۔
مولانا عبدالشکور جامعی نے علماء و ائمہ پر زور دیا کہ وہ رسولِ اکرم (ص) کی تعلیمات کو عام کرنے میں بھرپور کردار ادا کریں تاکہ معاشرتی اصلاح ممکن ہو سکے اور اسلام کے امن و انصاف کے پیغام کو وسیع پیمانے پر پھیلایا جا سکے۔
نشست کا اختتام مولانا عبدالعلیم فلاحی کی دعا سے ہوا۔ نشست کی کامیابی میں حافظ اقبال انصاری ، نظام الدین ملی ، حافظ شریف نظامی، عتیق الرحمن سلفی، اور مولانا محمد صادق ندوی اہم کردار ادا کیا۔ نظامت کے فرائض مولانا نظام الدین ملی نے انجام دیے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------------
ہندوستان سماچار / نثار احمد خان