خطہ چناب کے تین اضلاع میں ووٹنگ پُرامن طریقے سے اختتام پذیر ہوئی
خطہ چناب کے تین اضلاع میں ووٹنگ پُرامن طریقے سے اختتام پذیر ہوئی جموں، 18 ستمبر (ہ س)۔ خطہ چناب کے تین اضلاع میں پہلے مرحلے کے تحت اسمبلی انتخابات کے دوران آٹھ اسمبلی حلقوں میں ووٹنگ پورے جوش و خروش اور پُر امن طریقے سے اختتام پذیر ہوئی ۔ سرکاری ا
Polling Concluded


خطہ چناب کے تین اضلاع میں ووٹنگ پُرامن طریقے سے اختتام پذیر ہوئی

جموں، 18 ستمبر (ہ س)۔

خطہ چناب کے تین اضلاع میں پہلے مرحلے کے تحت اسمبلی انتخابات کے دوران آٹھ اسمبلی حلقوں میں ووٹنگ پورے جوش و خروش اور پُر امن طریقے سے اختتام پذیر ہوئی ۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ضلع ڈوڈہ کی تین نشستوں پر مجموعی طور پر 71.33 ووٹرز نے اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کیا ہے۔ضلع کی تین اسمبلی سیٹوں پر درج کُل 310598 میں سے 221560 رائے دہندگان نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا ،جس میں 111104 مرد 110450 خواتین اور چھ خواجہ سرا شامل ہیں ۔ضلع میں اسمبلی وار اعداد و شمار کے مطابق بھدرواہ میں 67.16 ڈوڈہ میں 72.48 اور ڈوڈہ ویسٹ میں 75.98 فیصدی ووٹنگ شرح درج کی گئی۔وہیں ضلع کشتواڑ کی تین اسمبلی حلقوں میں ووٹنگ کی کُل شرح 77.23ریکارڈ کی گئی ۔جس میں پاڈر ناگسینی میں 76.80 ،کشتواڑ میں 75.4اور اندروال میں سب سے زیادہ 80.6 فیصدی درج کی گئی ۔تاہم ضلع کشتواڑ کے ایک پولنگ مرکز پر بی جے پی اور پی ڈی پی کارکنان کے درمیان جھڑپ ہوئی لیکن وہاں موجود پولیس و نیم فوجی دستوں نے اس جھڑپ کو شدت اختیار کرنے سے قبل ہی ختم کر دیا ۔ضلع رامبن کی دو اسمبلی نشستوں پر کُل 67.71 فیصدی ووٹران نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا ۔

اسمبلی حلقہ بانہال میں 68 فیصدی اور رامبن میں 67.34 فیصد ووٹنگ شرح ریکارڈ کی گئی ۔ضلع ڈوڈہ میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے پیش نظر سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری کو شہر اور دیہی علاقوں میں تعینات کیا گیا تھا ، تاکہ امن و امان کو برقرار رکھا جا سکے ۔تاہم پورے دِن ضلع کے کسی بھی جگہ سے کسی ناخوشگوار واقع کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ تقریباً ایک دہائی کے بعد منعقد ہونے والے ان انتخابات کا عوام میں شدت سے انتظار کیا جا رہا تھا۔ خصوصاً نوجوان ووٹرز نے بے روزگاری، مہنگائی اور ریاست کی تعمیر و ترقی جیسے اہم مسائل کے پیش نظر ووٹ ڈالنے کی اہمیت پر زور دیا۔ خواتین ووٹرز نے وومن کالج کی تعمیر، گھریلو اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور دیگر فلاحی اقدامات کے لیے ووٹ دیا۔ڈوڈہ کی تینوں اسمبلی حلقوں میں بی جے پی، نیشنل کانفرنس (این سی) اور ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی (ڈی پی اے پی) کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے، جس سے انتخابات کے نتائج مزید دلچسپ ہو سکتے ہیں۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande