جموں۔ریاسی لوک سبھا سیٹ پر ووٹنگ کا عمل جاری
جموں۔ریاسی لوک سبھا سیٹ پر ووٹنگ کا عمل جاری جموں، 26 اپریل (ہ س)۔ جموں حلقے میں لوک سبھا انتخابات ک
voter


جموں۔ریاسی لوک سبھا سیٹ پر ووٹنگ کا عمل جاری

جموں، 26 اپریل (ہ س)۔ جموں حلقے میں لوک سبھا انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پولنگ کا آغاز نئے ووٹروں میں جوش و خروش کے ساتھ ہوا۔ پارلیمانی حلقہ کے مختلف اسمبلی حلقوں میں رائے دہندگان کو پولنگ کے لیے مقررہ وقت سے بہت پہلے قطاروں میں کھڑے دیکھا گیا۔

الیکشن کمیشن نے منصفانہ اور شفاف انتخابی عمل کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری انتظامات کر لیے ہیں۔ حلقے کے تمام 2416 پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ صبح 7 بجے شروع ہوئی۔ اس سے قبل تمام پولنگ اسٹیشنوں پر موک پول کامیابی سے کرایا گیا۔ بتا دیں کہ 5 اگست 2019 کو آرٹیکل 370 کی منسوخی اور سابقہ ریاست کو مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں تقسیم کرنے کے بعد جموں و کشمیر میں یہ پہلی بڑی انتخابی لڑائی ہے۔

عہدیداروں نے بتایا کہ صبح سویرے ووٹروں کو پولنگ اسٹیشنوں کی طرف جاتے ہوئے دیکھا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جموں شہر کے مختلف پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹروں کی لمبی قطاریں دیکھی گئیں۔ ووٹنگ کے ہموار انعقاد کے لئے ریزرو سمیت 15000 سے زائد پولنگ عملہ کو تعینات کیا گیا ہے جبکہ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے سکیورٹی کے انتظامات فول پروف ہیں۔ ’’آزادانہ، منصفانہ اور پرامن ووٹنگ کو یقینی بنانے کے لیے سیکورٹی اور دیگر متعلقہ انتظامات کیے گئے ہیں‘‘۔

جموں و کشمیر کے چیف الیکٹورل آفیسر (سی ای او) پانڈورنگ کے پول نے کہا کہ سرحدوں پر بغیر کسی رکاوٹ کے پولنگ کو یقینی بنانے کے لیے ایک ہنگامی منصوبہ بھی تیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پولنگ پرامن رہے گی۔ جموں و کشمیر میں یہ دوسری لوک سبھا سیٹ ہے جس پر انتخابات ہو رہے ہیں۔ اس سے قبل ادھم پور سیٹ پر 19 اپریل کو پولنگ ہوئی تھی جس میں 68 فیصد سے زیادہ ووٹ ڈالے گئے تھے۔

جموں لوک سبھا حلقہ میں کل 17,80,835 ووٹر جن میں 9,21,095 مرد، 8,59,712 خواتین اور 28 تیسری جنس کے ووٹر شامل ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ 10,498 مختلف معذور ووٹر اور 666 ووٹر ہیں جن کی عمریں 100 سال سے زیادہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جموں کے چار اضلاع سانبہ، ریاسی اور راجوری (کالا کوٹ سندر بنی اسمبلی حلقہ) میں کل 2,416 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں، جن میں بین الاقوامی سرحد اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے ساتھ 158 شامل ہیں۔

عہدیداروں نے بتایا کہ 10 پولنگ بوتھس کا انتظام خواتین کریں گے، 10 خصوصی طور پر معذور افراد اور نو جوانوں کے زیر انتظام ہوں گے۔ جموں ضلع کے 11 اسمبلی حلقوں کے علاوہ، جموں لوک سبھا سیٹ میں راجوری کا کالا کوٹ- سندربنی حلقہ، ریاسی ضلع کے گلاب گڑھ، ریاسی اور شری ماتا ویشنو دیوی کے حصے اور سانبہ ضلع کے رام گڑھ، سانبہ اور وجے پور کے حصے شامل ہیں۔جموں میں 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں 74 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔

ہندوستھان سماچار

/شہزاد


 rajesh pande