اپڈیٹ:پٹنہ جنکشن کے قریب ہوٹل میں لگی زبردست آگ ، 6 ہلاک ، 20 جھلسے
پٹنہ ، 25 اپریل (ہ س)۔ راجدھانی پٹنہ کے کوتوالی تھانہ علاقہ واقع جنکشن کے قریب پال ہوٹل میں جمعرات
اپڈیٹ:پٹنہ جنکشن کے قریب ہوٹل میں لگی زبردست آگ ، 6 ہلاک ، 20 جھلسے


پٹنہ ، 25 اپریل (ہ س)۔

راجدھانی پٹنہ کے کوتوالی تھانہ علاقہ واقع جنکشن کے قریب پال ہوٹل میں جمعرات کے روز زبردست آگ لگ گئی۔ اس حادثے میں اب تک چھ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ 20 افراد بری طرح جھلس گئے ہیں جب کہ 45 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔ آگ میں جھلسنے والے افراد کو پی ایم سی ایچ میں داخل کرایا گیا ہے جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے۔ ایسے میں ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔

جمعرات کی صبح تقریباً 11 بجے پٹنہ جنکشن کے قریب واقع پال ہوٹل میں آگ لگنے کے بعد وہاں کہرام مچ گیا ۔ کچھ ہی دیر میں آگ پوری عمارت میں پھیل گئی اور درجنوں افراد اس میں پھنس گئے۔ گرم مغربی ہوا کے باعث آگ نے بڑی شکل اختیار کر لی اور عمارت کے نیچے کھڑی کئی گاڑیوں کو اپنی زدمیں لے لیا۔ مقامی لوگوں کی جانب سے واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیم موقع پر پہنچ گئیں اور ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا۔ پہلے فائر بریگیڈ کی دو گاڑیاں موقع پر پہنچیں لیکن آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے قریبی فائر اسٹیشنوں سے مزید فائر دمکل کو طلب کیا گیا۔ فائر بریگیڈ کی ٹیم نے دو درجن سے زائد فائر دمکل کی مدد سے آگ پر قابو پالیا۔ اس دوران ہوٹل میں پھنسے 30 سے زائد افراد کو بچا لیا گیا۔ پولیس نے آگ میں جھلسنے والے افراد کو پی ایم سی ایچ میں داخل کرایا ہے۔ پولیس نے اس واقعے میں 6 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے ۔ پٹنہ سٹی کے ایس پی سینٹرل چندر پرکاش نے 6 لوگوں کی موت کی اطلاع دی ہے۔

سٹی ایس پی سینٹرل نے بتایا کہ آگ میں اب تک 6 افراد جھلس کر ہلاک ہوچکے ہیں، جب کہ آگ میں جھلسنے والے 20 افراد کو پی ایم سی ایچ میں داخل کرایا گیا ہے ، جن میں سے 12 افراد کو فوری طور پر آئی سی یو میں داخل کرایا گیا ہے۔ ان میں سے تین کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔

فائر ڈپارٹمنٹ کی ڈی جی شوبھا آہوٹکر نے بھی موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بتایا کہ راحت اور بچاؤ کا کام جاری ہے۔ آگ پر قابو پالیا گیا ہے اور فی الحال عمارت اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں تلاشی مہم چلائی جارہی ہے۔ پٹنہ پولیس کی ٹیم اور متعلقہ اہلکار موقع پر کیمپ کئے ہوئے ہیں۔

ہندوستھان سماچار/ افضل/محمد


 rajesh pande