خاتون نے اپنے عاشق کے ساتھ مل کر اپنے شوہر کو مبینہ طور پر قتل کر دیا
خاتون نے اپنے عاشق کے ساتھ مل کر اپنے شوہر کو مبینہ طور پر قتل کر دیا جموں، 22 اپریل (ہ س)۔ جموں کے
Murder case


خاتون نے اپنے عاشق کے ساتھ مل کر اپنے شوہر کو مبینہ طور پر قتل کر دیا

جموں، 22 اپریل (ہ س)۔ جموں کے ایک علاقے میں ایک خاتون نے اپنے عاشق کے ساتھ مل کر مبینہ طور پر سازش کی اور اپنے 33 سالہ شوہر کو سڑک حادثہ کے طور پر پیش کرتے ہوئے اسے قتل کردیا۔ پولیس نے اتوار کو دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے تحویل میں لے لیا ہے۔ متاثرہ کو 6 اپریل شام کو جموں کے پی پی پونیچک کے دائرہ اختیار میں آنے والے سیورا علاقے میں بے دردی سے قتل کیا گیا تھا۔

پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ 7 اپریل کو تقریباً تین بجے پی سی آر جموں کے ذریعے پی پی پونیچک میں اطلاع ملی کہ نریش چندر ولد اچرو ساکن بھدرواہ کی گول گجرال علاقے میں سڑک حادثہ میں موت ہو گئی۔ جبکہ متوفی کی اہلیہ کو زخمی حالت میں وہاں داخل کرایا گیا۔ حادثہ کی اطلاع ملنے پر ایک تفتیشی افسر کو گاندھی نگر اسپتال میں تعینات کیا گیا جس نے لاش کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ متوفی کی بیوی اور دیگر گواہوں کے بیانات قلمبند کئے۔ اس کے بعد متوفی کا جی ایم سی جموں میں پوسٹ مارٹم کرایا گیا اور لاش قانونی ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں ایک ایف آئی آر نمبر 85/2024 یو/ایس 279، 337،304 اے آئی پی سی کے تحت پی ایس ڈومانہ میں درج کی گئی تھی اور فوری کیس کی تحقیقات پی پی پونیچک کے اے ایس آئی ونود کمار کو سونپی گئی ۔تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ متوفی کی اہلیہ کا بیان مشتبہ طور پر گمراہ کن اور واقعہ سے میل نہیں کھاتا ہے۔

تفتیشی افسر نے اپنے سینئر افسران کو آگاہ کیا کہ متوفی کی موت حادثہ نہیں ہے اور اسے مقتول کی بیوی کے ملوث ہونے پر شک ہے۔ اس پر ایس ایچ او پی ایس ڈومانہ، ایس ڈی پی او ڈومانہ اور ایس پی رورل جموں کی نگرانی میں پی پی پونیچک کی پولیس نے مکمل تفتیش شروع کی اور دوران تفتیش تمام تکنیکی شواہد اکٹھے کیے، ان کا تجزیہ کیا گیا اور متوفی کے سسرال اور دیگر رشتہ داروں کے بیانات قلمبند کیے گئے۔

تفصیلی چھان بین کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ شیلو دیوی زوجہ متوفی نریش چندر کے بھانو پرتاپ سنگھ نامی ایک شخص سے ناجائز تعلقات تھے، جو نریش چندر کی موت کے وقت بھی ان کے ساتھ موجود تھا۔ ترجمان نے کہا کہ پولیس نے تیزی سے کام کرتے ہوئے شیلو دیوی اور بھانو پرتاپ دونوں کو گرفتار کر لیا اور پوچھ گچھ کے دوران بھانو پرتاپ نے اعتراف کیا کہ اس نے شیلو دیوی کے ساتھ مل کر مجرمانہ سازش رچی تھی اور نریش چندر کو سیورا علاقے میں ایک متروکہ پلاٹ پر قتل کیا اور اس کے بعد اسے گاندھی نگر اسپتال لے گئے۔

بھانو پرتاپ گاندھی نگر اسپتال میں بطور ٹرینی کام کر رہا ہے، انہوں نے اس کیس کو پیش کیا اور قتل کو سڑک حادثہ میں تبدیل کر دیا۔ ابتدائی طور پر متوفی کی بیوی نے پولیس کو بتایا کہ اس کے شوہر کی موت ریونیو کمپلیکس کے قریب گول گجرال میں ایک حادثے میں ہوئی تھی اور اسے آٹو رکشہ میں گاندھی نگر اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا تھا۔ اس کے بعد آئی پی سی کی دفعہ 302 کا اضافہ کیا گیا اور معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

ہندوستھان سماچار

/شہزاد


 rajesh pande