ترنمول کانگریس نے جاری کیا انتخابی منشور، یکساں سول کوڈ اور سی اے اے نافذ نہ کرنے کا وعدہ
کولکاتا، 17 اپریل (ہ س)۔ رام نومی کے موقع پر پہلے مرحلے کی ووٹنگ کی مہم کے آخری دن مغربی بنگال کی حک
ترنمول کانگریس نے جاری کیا انتخابی منشور، یکساں سول کوڈ اور سی اے اے نافذ نہ کرنے کا وعدہ


کولکاتا، 17 اپریل (ہ س)۔ رام نومی کے موقع پر پہلے مرحلے کی ووٹنگ کی مہم کے آخری دن مغربی بنگال کی حکمران جماعت ترنمول کانگریس نے اپنا انتخابی منشور جاری کر دیا ہے۔ انتخابی منشور میں یکساں سول کوڈ، سی اے اے اور این آر سی کے حوالے سے وعدے کیے گئے ہیں۔

پارٹی نے کہا، ہمارا موقف ہے کہ بنگال میں سی اے اے نافذ نہیں کیا جائے گا، این آر سی اور یونیفارم سول کوڈ (یو سی سی) کو بھی لاگو نہیں ہونے دیا جائے گا۔

قومی ترجمان ڈیرک اوبرائن نے کہا کہ اگر مرکز میں انڈیا مخلوط حکومت بنتی ہے تو تمام بی پی ایل خاندانوں کو ایک سال میں 10 مفت سلنڈر دیئے جائیں گے اور قومی سطح پر راشن اسکیم کو نافذ کیا جائیگا۔ ہر راشن کارڈ ہولڈر کو پانچ کلو مفت راشن اس کی رہائش گاہ پر پہنچایا جائے گا۔

ڈیرک نے کہا کہ 60 سال سے زیادہ عمر کے بزرگ شہریوں کو ماہانہ 1000 روپئے پنشن دی جائے گی۔ لکشمی بھنڈار اسکیم کو قومی سطح پر لاگو کیا جائے گا جس کے تحت خواتین کو ایک مقررہ ماہانہ رقم دی جائے گی۔ تمام شہریوں کو 10 لاکھ روپئے تک کا ہیلتھ انشورنس فراہم کیا جائیگا۔

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی قیادت والی پارٹی نے اپنے منشور کے حصے کے طور پر 10 حلف اٹھائے ہیں۔ منشور میں، سی اے اے کو ختم کرنے، این آر سی کو روکنے اور یو سی سی کو پورے ملک میں لاگو کرنے کی اجازت نہ دینے کے وعدے کے ساتھ، انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر وہ اقتدار میں آئیں تو منریگا کی ادائیگی کو یومیہ 400 روپئے تک بڑھایا جائے گا۔ سب کے لیے پکا مکان، 100 سال سے زیادہ عمر کے افراد کو 1000 روپئے ماہانہ (12 ہزار روپئے سالانہ) کی پنشن دی جائے گی۔ ایندھن اور ایل پی جی کی قیمتوں پر نظر رکھی جائے گی، پرائس اسٹیبلائزیشن فنڈ بنایا جائے گا، 25 سال تک کی عمر کے تمام طلباء کو ماہانہ وظیفہ ملے گا، جو مزید پڑھنا چاہتے ہیں انہیں 10 لاکھ روپئے کا اسٹوڈنٹ کریڈٹ کارڈ دیا جائے گا۔

ہندوستھان سماچار/ عبد الواحد


 rajesh pande