بھوپال، 30 دسمبر (ہ س)۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے مدھیہ پردیش میں محکمہ ٹرانسپورٹ کے سابق کانسٹیبل سوربھ شرما اور اس کے ساتھیوں چیتن سنگھ گوڑ، شرد جیسوال، روہت تیواری کے گھر پر چھاپہ مارا تھا۔ اس دوران چلائے گئے تلاشی آپریشن کے دوران ای ڈی کو سوربھ کے خاندان اور دوستوں کے کھاتوں میں 4 کروڑ روپے کا بینک بیلنس ملا ہے۔ اس کے علاوہ 23 کروڑ روپے کے اثاثوں کی بھی تحقیقات کی گئی ہیں۔ بھوپال، جبل پور، گوالیار میں کی گئی جانچ میں ای ڈی کو 6 کروڑ روپے کی ایف ڈی کے بارے میں بھی معلومات ملی ہیں۔ فرموں اور کمپنیوں کے ذریعے کی گئی سرمایہ کاری کا انکشاف ہوا ہے۔
ای ڈی نے پیر کو انکشاف کیا کہ سوربھ شرما کے احاطے میں پی ایم ایل اے (پریوینشن آف منی لانڈرنگ ایکٹ) کے تحت کی گئی جانچ کے دوران بینک کھاتوں اور جائیدادوں کی تفصیلات ملی ہیں۔ اس کے تجزیے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ سوربھ شرما نے خاندان کے افراد، دوستوں، کمپنیوں کے نام پر بہت سی جائیدادیں خریدی ہیں اور یہ سب اس کے کام میں معاون رہے ہیں۔ بھوپال، گوالیار اور جبل پور میں 8 احاطوں کی تلاشی کے دوران 6 کروڑ روپے سے زیادہ کی ایف ڈی کے بارے میں معلومات ملی ہیں۔ سوربھ شرما کے ساتھی چیتن سنگھ گوڑ کے نام پر بہت بڑا بینک بیلنس ملا ہے۔ ای ڈی کے مطابق سوربھ شرما کے خاندان کے افراد اور کمپنیوں کے نام پر 4 کروڑ روپے پائے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی 23 کروڑ روپے سے زیادہ کی غیر منقولہ جائیداد اور جائیداد سے متعلق دستاویزات ملے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ بھوپال نے 27 دسمبر کو بھوپال، گوالیار اور جبل پور اضلاع میں تلاشی لی تھی۔ سوربھ کے علاوہ اس کے ساتھیوں چیتن سنگھ گوڑ، شرد جیسوال اور روہت تیواری کے ٹھکانوں پر بھی تفتیش کی گئی۔ یہ سبھی پروسیڈس آف کرائم (پی او سی ) کے مشتبہ فائدہ اٹھانے والے ہیں یا سوربھ کے کاروبار میں ساتھی ہیں۔ ای ڈی کے مطابق بھوپال کی لوک آیکت پولیس نے اس معاملے میں ایف آئی آر درج کی ہے۔ اس بنیاد پر کارروائی کی گئی۔ لوک آیوکت پولس نے تفتیش کی۔ یہ انکشاف ہوا ہے کہ سوربھ شرما نے اپنے خاندان کے افراد اور متعلقہ فرموں، کمپنیوں کے نام پر کروڑوں روپے کے غیر متناسب اثاثے حاصل کیے ہیں۔ تلاش سے پتہ چلا کہ جب وہ محکمہ ٹرانسپورٹ میں کانسٹیبل تھا تو اس نے بدعنوانی کے ذریعے دولت اکٹھی کی۔ ای ڈی کے مطابق، اس سے قبل کارروائی میں، محکمہ انکم ٹیکس نے 52 کلو گرام وزنی سونے کی راڈ اور 11 کروڑ روپے نقد برآمد کیے تھے۔
دراصل لوک آیکت ٹیم نے 19 دسمبر کو سوربھ شرما کے گھر پر چھاپہ مارا تھا۔ اس دوران کروڑوں روپے کی نقدی اور سونا چاندی برآمد ہوا۔ اسی دن رات کو سوربھ کے دوست چیتن کی کار سے 54 کلو سونا اور 11 کروڑ روپے برآمد ہوئے۔ اتنی بڑی مقدار میں سونا اور نقدی برآمد ہونے کے بعد چار مختلف ایجنسیوں نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ اس سلسلے میں 27 دسمبر کو ای ڈی نے سوربھ شرما اور دیگر کے معاملے میں بھوپال، گوالیار اور جبل پور اضلاع میں واقع مختلف مقامات پر تلاشی مہم چلائی۔ اس سرچ آپریشن میں کروڑوں روپے کی منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد سے متعلق دستاویزات برآمد کی گئیں۔ فی الحال اسے ای ڈی نے ضبط کر لیا ہے۔
اس وقت سوربھ کے معاملے میں چار جانچ ایجنسیاں شامل ہیں۔ ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس اس گاڑی کی تحقیقات کر رہی ہے جس میں 54 کلو سونا برآمد ہوا تھا۔ یہ ایجنسی اس بات کا پتہ لگا رہی ہے کہ آیا یہ سونا قانونی طور پر خریدا گیا تھا یا غیر قانونی۔ محکمہ انکم ٹیکس اس بات کی جانچ میں مصروف ہے کہ 54 کلو سونا کیسے خریدا گیا اور اس کی ادائیگی کیسے کی گئی۔ کیونکہ 2 لاکھ روپے سے زیادہ کی ادائیگی نقد میں نہیں کی جا سکتی۔ ساتھ ہی، ای ڈی جرائم سے کمائی گئی رقم کے بارے میں معلومات اکٹھی کر رہی ہے۔ اس واقعے میں دیگر کون لوگ ملوث ہیں؟ اس کے علاوہ جائیداد کس کے نام کی جا رہی ہے؟ اس کے علاوہ لوک آیکت ٹیم اس بارے میں معلومات اکٹھی کرنے میں مصروف ہے کہ سوربھ کی سات سال کی سروس کے دوران ان کی تنخواہ کتنی تھی اور اس دوران انہوں نے کتنی دولت بنائی تھی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد