نئی دہلی، 30 دسمبر (ہ س)۔ مرکزی خزانہ اور کارپوریٹ امور کی وزیر نرملا سیتا رمن نے پیر کے روز نئی دہلی میں صنعت کے نمائندوں کے ساتھ قبل از بجٹ (پری بجٹ ) پانچویں مشاورتی میٹنگ کی۔ سیتا رمن کی صدارت میں ہونے والی میٹنگ کا انعقاد آئندہ مرکزی بجٹ 2025-26 کی تیاریوں کے حصے کے طور پر کیا گیا تھا، جس میں صنعت کے نمائندوں نے وزیر خزانہ کو کئی تجاویز دیں۔
وزارت خزانہ نے ایک’ ایکس‘ پوسٹ میں کہا کہ خزانہ اور کارپوریٹ امور کی مرکزی وزیر سیتا رمن نے آئندہ مرکزی بجٹ 2025-26 کے حوالے سے صنعت کے نمائندوں کے ساتھ پانچویں قبل از بجٹ مشاورتی میٹنگ کی صدارت کی۔ اس اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے صنعت کے نمائندوں سے تجاویز بھی لیں۔ یہ تجاویز آئندہ مرکزی بجٹ میں اہم اقتصادی ترجیحات اور علاقائی چیلنجوں کو یقینی بنائیں گی۔
وزارت کے مطابق، اس میٹنگ میں وزارت کے سینئر حکام بشمول فائنانسسکریٹری، محکمہ سرمایہ کاری اور عوامی اثاثہ جات کے انتظام (دیپم) کے سکریٹری اور اقتصادی امور کے محکمے کے سکریٹری اور صنعت اور اندرونی تجارت کے فروغ کے محکمے نے شرکت کی۔ حکومت ہند کے چیف اکنامک ایڈوائزر نے میٹنگ کے دوران معیشت پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
قابل ذکر ہے کہ وزیر خزانہ سیتا رمن آئندہ مالی سال 2025-26 کا مرکزی بجٹ یکم فروری 2025 کو پارلیمنٹ میں پیش کریں گی۔ پری بجٹ مشاورتی اجلاس مرکزی بجٹ کی تشکیل میں ایک ضروری قدم ہے، جو اقتصادی ترقی کو فروغ دیتا ہے۔ ان میٹنگوں میں موصول ہونے والی تجاویز متنوع شراکت داروں کی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد کرتی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد