نئی دہلی،27دسمبر(ہ س)۔
ڈاکٹر منموہن سنگھ کے انتقال پر سیاسی و سماجی اداروں کی طرف سے اظہار تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔ اردو کے معروف ادبی ادارے غالب انسٹی ٹیوٹ نے بھی ان کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔ غالب انسٹی ٹیوٹ کے سکریٹری پروفیسر صدیق الرحمن قدوائی نے کہا کہ بھارت کے 13 ویں وزیر اعظم کے طور پر ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں، انھوں نے نہ صرف اپنے ملک کی سیاست بلکہ عالمی سطح پر بھی ایک اہم مقام حاصل کیا۔ ان کی تعلیمی قابلیت، مالیات کے میدان میں مہارت اور عوامی خدمات کے لیے دنیا انھیں ہمیشہ یاد رکھے گی۔ اگرچہ ان کی صحت کی حالت کچھ عرصے سے نازک تھی، لیکن ان کی وفات نے دنیا بھر میں غم کی لہر دوڑا دی ہے۔ وہ غالب انسٹی ٹیوٹ کے ٹرسٹی بھی رہے اس لیے ان کا جانا ادارے کا ذاتی خسارہ بھی ہے۔ غالب انسٹی ٹیوٹ کے ڈائرکٹر ڈاکٹر ادریس احمد نے کہا کہ ڈاکٹر منموہن سنگھ کی قیادت میں بھارت نے اقتصادی اصلاحات کے ایک نئے دور کا آغاز کیا۔ ان کی حکومت کے دوران بھارت نے عالمی سطح پر اقتصادی طاقت بننے کی سمت میں اہم پیش رفت کی، اور انہوں نے بھارت کی معیشت کو عالمی بحران کے باوجود مستحکم رکھا۔ ان کا انتقال ملک و قوم کا ناقابل تلافی نقصان ہے۔ میں غالب انسٹی ٹیوٹ اور یہاں کے ٹرسٹیز اور تمام عملے کی طرف سے ان کے پسماندگان کی خدمت میں تعزیت پیش کرتا ہوں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais