شیو پوری، 22 دسمبر (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے شیو پوری ضلع میں سنیچر کی دیر رات ایک جھونپڑی میں آگ لگنے سے تین افراد زندہ جل گئے۔ مرنے والوں میں ایک 65 سالہ شخص اور دو معصوم بچیاں شامل ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ لوگ سردی سے بچنے کے لیے جھونپڑی میں الاو رکھ کر سو گئے۔ الاو سے لگی آگ جھونپڑی میں پھیل گئی اور اس میں سوئے ہوئے تینوں افراد ہلاک ہوگئے۔ یہ سب بنجارہ برادری سے بتائے جاتے ہیں۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔
معلومات کے مطابق بیراڑ تھانہ علاقہ کے رسیرا پنچایت کے لکشمی پورہ گاوں میں رہنے والے واسودیو اور اس کی بیوی رکمنی اپنے ایک رشتہ دار کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے دھول پور گئے ہوئے تھے۔ واسودیو نے اپنی تین بیٹیوں انوشکا، سندھیا اور جیوتی کو اپنے والد ہزاری کے پاس چھوڑ دیا تھا۔ 65 سالہ بزرگ ہجاری بنجارہ اپنی پوتیوں سندھیا (10) اور جیوتی کے ساتھ سو رہے تھے۔ پوتی انوشکا (5) الگ بستر پر تھی۔ اہل خانہ نے سردی سے نجات کے لیے الاو جلایا تھا۔ رات 11 بجے کے قریب جھونپڑی میں آگ بھڑک اٹھی۔ جھونپڑی کی جلتی ہوئی چھت دادا اور دو پوتیوں پر گر گئی۔ اس دوران ایک لڑکی جیوتی کی آنکھ کھل گئی۔ وہ جھونپڑی سے باہر نکل گئی۔ لڑکی بھاگ کر چچا جتیندر بنجارا کے پاس گئی جو پڑوس میں رہتے تھے۔ انہیں آگ کے بارے میں بتایا۔ اس کے بعد گاؤں والوں نے موٹر سے پانی ڈالنا شروع کر دیا۔ اس دوران پولیس ایمبولینس اور فائر بریگیڈ کے ساتھ پہنچ گئی۔ تقریباً ایک گھنٹے کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔
بیراڑ تھانہ انچارج وکاس یادو نے بتایا کہ جھونپڑی پر گھانس- پھونس کی چھت تھی جو جل کر بزرگ اور اس کی دو پوتیوں پر گری۔ تینوں نیچے دب گئے۔ آگ بجھانے کے بعد تینوں کو جھونپڑی سے باہر نکالا گیا۔ بوڑھے اور ایک بچہ انوشکا کی موقع پر ہی موت ہوگئی، جب کہ سندھیا سانس لے رہی تھی۔ اسے فوری طور پر ضلع اسپتال بھیجا گیا۔ یہاں سے اسے میڈیکل کالج لے جایا گیا۔ اس کے بعد اسے گوالیار ریفر کیا گیا، لیکن راستے میں ہی اس کی موت ہوگئی۔
اس اندوہناک حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد موقع پر پہنچے بیراڑ تحصیلدار درگپال سنگھ بیس نے بتایا کہ سمبل یوجنا کے تحت ہر مرنے والوں کو 4 لاکھ روپے کی مالی امداد منظور کی جا رہی ہے۔ پوسٹ مارٹم کے بعد آخری رسومات اور امداد کی رقم دی جائے گی۔ راشن پنچایت کی طرف سے دیا جائے گا اور متاثرہ خاندان کو دیگر امداد بھی فراہم کی جا رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن