بائیڈن کا پرامن اقتدار کی منتقلی کا عہد، ٹرمپ نے صدربائیڈن کی جم کر تعریف کی
و اشنگٹن،14نومبر(ہ س)۔
امریکی صدر کے طور پر دوسری مرتبہ منتخب ہونے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز وائٹ ہاوس میں موجودہ صدر جو بائیڈن سے پہلی ملاقات کی۔اس موقع پر دونوں شخصیات نے اقتدار کی پر امن منتقلی کا عہد کیا۔وائٹ ہاوس کی ترجمان کیرین جین پیئر کے مطابق ملاقات تقریبا دو گھنٹے تک جاری رہی۔انھوں نے صحافیوں کو بتایا کہ یہ ملاقات اہم نوعیت کی رہی جس میں ٹرمپ اور بائیڈن کے درمیان قومی سلامتی اور داخلی پالیسی سے مربوط اہم معاملات زیر بحث آئے۔
وائٹ ہاوس میں قومی سلامتی کے مشیر جیک سولیون نے صحافیوں کو بتایا کہ بائیڈن نے واضح کیا کہ یوکرین کی حمایت امریکا کی قومی سلامتی کے مفاد میں ہے کیوں کہ طاقت ور اور مستحکم یورپ ہی امریکا کو جنگ میں کھینچے جانے سے روک سکتا ہے۔ ملاقات کے دوران میں ٹرمپ نے روس اور یوکرین کی جنگ جلد ختم کرانے کا عہد کیا۔ تاہم انھوں نے اس کے طریقہ کار پر روشنی نہیں ڈالی۔
ٹرمپ نے امریکی اخبارنیویارک پوسٹ کو بتایا کہ انھوں نے ملاقات میں بائیڈن کے ساتھ مشرق وسطی کے بارے میں کافی بات چیت کی۔ادھر ایک اور امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق ٹرمپ نے بتایا کہ میں ہماری موجودہ حالت کے بارے میں ان (بائیڈن) کی آرا جاننا چاہتا تھا جس میں انھوں نے مجھے شریک کیا، وہ انتہائی شفیق رہے۔
ملاقات میں بائیڈن نے ٹرمپ سے کہا کہ ہم اپنے قول کے مطابق اقتدار کی آسان منتقلی کے خواہاں ہیں ... خوش آمدید ، ایک بار پھر خوش آمدید۔جواب میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ سیاست ایک سخت چیز ہے، بسا اوقات یہ کوئی نرم دنیا ثابت نہیں ہوتی تاہم آج یہ ایک لطیف عالَم ہے، میں اس بات کو بہت سراہتا ہوں کہ جہاں تک ممکن ہو اقتدار کی منتقلی آسان ہو ... جو.
خاتون اول کی جانب سے پیغام
خاتون اول جیل بائیڈن بھی ٹرمپ کی آمد پر ان کے استقبال میں شریک ہوئیں۔ وائٹ ہاو¿س کے مطابق جیل نے ہاتھ سے لکھا ہوا ایک تہنیتی پیغام ٹرمپ کو دیا تا کہ وہ اپنی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کو پہنچا دیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل بائیڈن (81 سالہ) اکثر ٹرمپ کو جمہوریت کے لیے خطرہ قرار دیتے رہے ہیں جب کہ ٹرمپ (78 سالہ) بائیڈن کی تصویر ایک نا اہل کے طور پر کھینچتے رہے ہیں۔امریکی میڈیا نے بدھ کے روز بتایا کہ ری پبلکنز نے ایوان نمائندگان میں اکثریت برقرار رکھی ہے۔ اس کا مقصد ٹرمپ کا اقتدار مضبوط بنانا اور ان کے لیے راہ ہموار کرنا ہے۔
امریکی چینلوں سی این این اوراین بی سی نیو زکے مطابق ری پبلکنز نے 218 نشستیں حاصل کر لی ہیں اس طرح انھوں نے ایوان نمائندگان میں اکثریت برقرار رکھی ہے۔ اس سے قبل ری پبلکنز نے گذشتہ ہفتے سینیٹ میں ڈیموکریٹس سے اکثریت چھین لی تھی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan