کوئٹو (ایکواڈور)، 13 نومبر (ہ س)۔
ایکواڈور کے ساحلی شہر گویاکیل میں جیل میں تشدد کے نتیجے میں کم از کم 15 قیدی ہلاک اور 14 زخمی ہوگئے۔ یہ جیل ایکواڈور کی سب سے بڑی جیل ہے اور حریف گروہوں کے درمیان تصادم کے لیے بدنام ہے۔ ایکواڈور جنوبی امریکی براعظم کے بالائی حصے پر مغربی کونے میں واقع ہے۔ سی این این نے قومی ایجنسی ایس این اے آئی کے حوالے سے بتایا کہ منگل کی صبح ساحلی شہر گویاکیل میں لٹورل پینیٹینٹری کے ایک بیرک میں تشدد پھوٹ پڑا۔ اس دوران بہت لڑائی ہوئی۔ حکام نے دوپہر کو بتایا کہ جیل پر کنٹرول حاصل کرنے کے بعد بڑے پیمانے پر تلاشی لی گئی ہے، اٹارنی جنرل کے دفتر نے کہا کہ کم از کم نو قیدیوں پر قتل کا الزام عائد کیا جائے گا۔ ایکواڈور کا جیل نظام طویل عرصے سے ملک میں تشدد کا گڑھ بنا ہوا ہے۔ حالیہ برسوں میں یہاں جرائم پیشہ تنظیموں کے درمیان لڑائیوں میں سینکڑوں افراد مارے جا چکے ہیں۔ پچھلے سال 30 سے زیادہ افراد لٹورل پینٹینٹری میں مارے گئے تھے۔ ان میں سے کچھ کے سر قلم کر دیے گئے۔ ستمبر 2021 میں حریف گروہوں کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں 100 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔
تقریباً دو ماہ قبل جیل کی ڈائریکٹر ماریا ڈینییلا ایکزا کو مسلح حملے میں قتل کر دیا گیا تھا۔ جنوری میں بدنام زمانہ گینگ لیڈر جوز اڈولفو فیٹو میکیاس ایک جیل سے فرار ہو گیا تھا ۔ اس سے پورے ملک میں تشدد پھیل گیا۔ اسے روکنے کے لیے صدر ڈینیئل نوبوا کو ہنگامی حالت کا اعلان کرنا پڑا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ