نئی دہلی، 11 اکتوبر (ہ س) وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو لاؤس کی راجدھانی وینتیانے میں ایسٹ ایشیا چوٹی کانفرنس کے موقع پر تھائی وزیر اعظم پیتونگٹارن شیناواترا سے ملاقات کی۔ دونوں وزرائے اعظم کے درمیان یہ پہلی ملاقات تھی جس کی تصویر انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے لکھا کہ انہوں نے لاؤ پی ڈی آر میں وزیر اعظم شیناواترا سے ملاقات کی۔ تھائی لینڈ ہندوستان کا بہت قیمتی دوست ہے۔ ہماری بات چیت اس بات پر مرکوز تھی کہ ہمارے ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو کس طرح بہتر بنایا جائے اور ثقافتی تعلقات کو فروغ دیا جائے۔ ہمیں دفاع، جہاز رانی، ڈیجیٹل اختراعات اور دیگر شعبوں میں بھی بڑی صلاحیت نظر آتی ہے۔ وزارت خارجہ نے ایک ریلیز میں کہا کہ ملاقات کے دوران وزیر اعظم مودی نے تھائی وزیر اعظم کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ تھائی وزیر اعظم نے وزیر اعظم مودی کو ان کی تاریخی تیسری میعاد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے متعدد شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے ذیلی علاقائی، علاقائی اور کثیر جہتی فورمز پر قریبی تعاون کی تعمیر کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس تناظر میں، انہوں نے بمسٹیک کے ذریعے علاقائی تعاون کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔ تھائی لینڈ ہندوستان کی 'ایکٹ ایسٹ' پالیسی کا ایک اہم ستون ہے، جو اس سال ایک دہائی مکمل کر رہی ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی