جے اینڈ کے کانگریس چیف کہا کانگریس کے 6 ممبر ہیں، پارٹی ہائی کمان فیصلہ کرے گی کہ کس کو کیا ملے گا
سرینگر، 11 اکتوبر (ہ س):
جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے سربراہ طارق حمید قرہ نے جمعہ کو کہا کہ پارٹی مرکز کے زیر انتظام علاقے میں حکومت بنانے کے لئے آج شام تک نیشنل کانفرنس کو حمایت کا خط دے گی۔ خصوصی بات کرتے ہوئے کانگریس صدر طارق حمید قرہ نے کہا کہ انہوں نے آج سہ پہر کے بعد لیجسلیچر پارٹی کا اجلاس بلایا ہے، جہاں وہ ایک قرارداد پاس کریں گے۔اس کے بعد قرارداد کو نئی دہلی میں پارٹی ہائی کمان کو بھیجا جائے گا۔ ہمارے چھ ارکان ہیں اور پارٹی ہائی کمان فیصلہ کرے گی کہ نیشنل کانفرنس کے ساتھ مخلوط حکومت میں کس کو کیا ملے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ فی الحال ان کا کوئی مطالبہ نہیں ہے اور حکومت بننے کے بعد وہ اپنے مطالبات سامنے رکھیں گے۔ انہوں نے کہا’ہم اپنی قانون ساز پارٹی کی میٹنگ کے اختتام کے بعد آج شام تک این سی کو حمایت کا خط دے دیں گے۔‘
اس سے قبل، نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ، جنہیں پارٹی کے نئے انتخابی اسمبلی ممبران نے قانون ساز پارٹی کے سربراہ کے طور پر چنا تھا، کہا کہ وہ کانگریس کی طرف سے حمایت کے خط کا انتظار کر رہے ہیں جس کے بعد وہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا حکومت سازی کےلۓ ملاقات کریں گے۔
واضح رہے نیشنل کانفرنس اور کانگریس نے جموں و کشمیر میں اسمبلی الیکشن لڑنے کے لیے قبل از انتخابات اتحاد کیا تھا۔ این سی نے 42 سیٹیں جیتیں، کانگریس نے چھ سیٹیں جیتیں، جب کہ چار ممبران، جنہوں نے آزاد امیدواروں کے طور پر الیکشن جیتا، نیشنل کانفرنس کی حمایت کی۔۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mir Aftab