نئی دہلی، یکم اکتوبر (ہ س)۔ ملک کی سب سے بڑی کار ساز کمپنی ماروتی سوزوکی انڈیا (ایم ایس آئی ) کی ستمبر کے مہینے میں کل فروخت سالانہ بنیادوں پر 02 فیصد بڑھ کر 1,84,727 یونٹس ہوگئی ہے۔ کمپنی نے گزشتہ سال اسی عرصے میں 1,81,343 گاڑیاں فروخت کی تھیں۔
ماروتی سوزوکی انڈیا (ایم ایس آئی) نے منگل کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ ستمبر میں گھریلو مسافر گاڑیوں کی کل فروخت 1,44,962 یونٹس رہی جو کہ ستمبر 2023 کے 1,50,812 یونٹس کے اعداد و شمار سے چار فیصد کم ہے۔ وہیں آلٹو اور ایس پریسو سمیت چھوٹی کاروں کی فروخت ستمبر 2023 میں 10,351 یونٹس کے مقابلے بڑھ کر 10,363 یونٹس ہوگئی ہے۔ تاہم بلینو، سیلریو، ڈیزائر، اگنیس، سوئفٹ، ٹور ایس اور ویگن آر سمیت کمپیکٹ کاروں کی فروخت کم ہو کر 60,480 یونٹس رہ گئی جو گزشتہ سال اسی مہینے میں 68,551 یونٹس تھی۔
ایم ایس آئی کے مطابق بریزا، ارٹیگا، گرینڈ وٹارا اور ایکس ایل 6 جیسی یوٹیلیٹی گاڑیوں کی فروخت ستمبر کے مہینے میں 61,549 یونٹس رہی جو کہ ستمبر 2023 میں 59,272 یونٹس کے مقابلے میں چار فیصد زیادہ ہے۔ اس عرصے کے دوران وین ایکو کی فروخت 11,908 یونٹس رہی جبکہ ستمبر 2023 میں یہ 11,147 یونٹس تھی۔ کمپنی کی ہلکی کمرشیل گاڑی سپر کیری کی فروخت 3,099 یونٹس رہی جو کہ گزشتہ سال اسی مہینے میں 2,294 یونٹس تھی۔ کمپنی نے کہا کہ ستمبر میں برآمدات بڑھ کر 27,728 یونٹس ہوگئیں، جبکہ گزشتہ سال اسی مہینے میں یہ 22,511 یونٹس تھی۔
ہندوستھا ن سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد