
جموں, 05 ستمبر (ہ س)۔
ضلع ڈوڈہ میں یوم اساتذہ کے موقع پر مختلف تعلیمی اداروں میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ ضلع سطح کی مرکزی تقریب گورنمنٹ گرلز ہائر اسیکنڈری اسکول ڈوڈہ میں منعقد ہوئی، جس میں ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ کرشن لال مہمانِ خصوصی تھے۔تقریب میں چیف پلاننگ آفیسر ڈوڈہ منیش کمار نے مہمانِ اعزازی جبکہ ڈی ایس پی ٹریفک شوکت علی بیگ نے خصوصی مہمان کی حیثیت سے شرکت کی۔ اس موقع پر محکمہ اسکول ایجوکیشن کے افسران و اہلکاروں، پرنسپلز، اساتذہ، طلبہ اور ریٹائرڈ افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران طلبہ نے مختلف ثقافتی پروگرام، تقاریر اور دیگر سرگرمیاں پیش کیں۔ طلبہ نے اپنے اساتذہ کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے تئیں احترام اور تشکر کا اظہار کیا۔اس موقع پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے اساتذہ کی محنت اور لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ اساتذہ طلبہ کی شخصیت سازی، اخلاقی اقدار کے فروغ اور ذمہ دار شہری تیار کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے معیاری تعلیم اور طلبہ کی ہمہ جہت ترقی کے لیے تدریسی عملے کی کوششوں کی تعریف کی۔
تقریب میں محکمہ تعلیم کے ریٹائرڈ افسران اور اہلکاروں کی خدمات کو بھی سراہا گیا اور تعلیمی شعبے کی ترقی میں ان کے تعاون کا اعتراف کیا گیا۔واضح رہے کہ یوم اساتذہ ہر سال 5 ستمبر کو سابق صدرِ جمہوریہ اور معروف ماہرِ تعلیم ڈاکٹر سروپلی رادھا کرشنن کی یومِ پیدائش کے موقع پر منایا جاتا ہے۔ اس سلسلے میں ضلع بھر کے دیگر تعلیمی اداروں میں بھی مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا گیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر