
مشرقی سنگھ بھوم، 5 ستمبر (ہ س)۔ جگسلائی تھانہ علاقے کے عیدگاہ میدان میں جمعہ کی دیر رات مویشی چوری کے شبہ پر جمع ہونے والی بھیڑ اور پولیس کے درمیان کشیدگی کے معاملے میں ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ یہ مقدمہ جگسلائی تھانہ انچارج و انسپکٹر غلام ربانی خان کے بیان پر درج کیا گیا ہے۔ پولیس نے جگسلائی تھانے میں 17 افراد کو نامزد ملزم بنایا ہے، جبکہ تقریباً 150 سے 200 نامعلوم افراد کو بھی ملزم بنایا گیا ہے۔
تھانہ انچارج نے اپنے بیان میں بتایا کہ جمعہ کی رات انہیں اطلاع ملی کہ عیدگاہ میدان کے قریب نذیر احمد عرف فیکو کی دکان کے پاس بڑی تعداد میں لوگ جمع ہیں اور مویشی چوری کا الزام لگاتے ہوئے دکان میں موجود لوگوں کو باہر نکالنے، مارپیٹ کرنے اور دکان و گاڑیوں کو آگ لگانے کی دھمکی دے رہے ہیں۔ اطلاع ملنے کے بعد پولیس ٹیم موقع پر پہنچی۔ صورت حال سنگین ہونے کی اطلاع ملنے پر تھانہ انچارج پولیس افسران کے ساتھ عیدگاہ میدان پہنچے۔
پولیس کے مطابق بھیڑ میں رام داس بھٹا اور جگسلائی گدّی محلہ کے لوگ شامل تھے۔ الزام تھا کہ بشتوپور تھانہ علاقے کے رام داس بھٹا سے ایک گائے چوری ہوئی ہے اور عیدگاہ میدان میں کھڑی کریم رنگ کی اسکارپیو گاڑی سے اس کا تعلق ہے۔ بھیڑ نے نذیر احمد عرف فیکو اور دکان میں کام کرنے والے افراد کو باہر نکالنے کی کوشش کی۔ پولیس نے بھیڑ کو سمجھاتے ہوئے قانون اپنے ہاتھ میں نہ لینے اور قانونی طریقے سے شکایت کرنے کی اپیل کی، لیکن صورت حال قابو میں نہیں آئی۔
ایف آئی آر کے مطابق بھیڑ میں کچھ لوگ لاٹھی، ڈنڈے، راڈ اور پتھر لیے ہوئے تھے اور پولیس کی سمجھانے کے باوجود پولیس اہلکاروں کی جانب بڑھنے لگے۔ حالات مزید بگڑنے کے خدشے کے پیش نظر تھانہ انچارج نے اپنی سرکاری پستول سے ہوا میں تین راؤنڈ فائر کیے۔ اس کے بعد کیو آر ٹی اور اضافی پولیس فورس کی مدد سے بھیڑ کو منتشر کیا گیا۔
معاملے میں آصف گدّی عرف جولو، طالب گدّی، پڈون گدّی، راج گدّی عرف دھئیلا، عقیبہ گدّی، عبدال گدّی، بابو گدّی عرف انڈا، قیصر گدّی، راج گدّی، جگن گدّی، اختر گدّی، فرحان گدّی، شاہ رخ گدّی عرف نادو (بلی آنکھ)، جہانگیر گدّی، علیشان گدّی، ذاکر گدّی اور للّو گدّی کو نامزد کیا گیا ہے۔ پولیس نے ان افراد کے خلاف بھیڑ کو اکسانے، تشدد اور آتش زنی کی دھمکی دینے اور سرکاری کام میں رکاوٹ ڈالنے سمیت مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ معاملے کی تفتیش ایس آئی دھننجے کمار سنگھ کر رہے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد