
نئی دہلی، 23 ستمبر(ہ س)۔ موڈیز اور فچ ریٹنگز کے بعد مالیاتی تحقیق اور کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی ایس اینڈ پی گلوبل ریٹنگز نے بدھ کے روز رواں مالی سال کے لیے ہندوستان کی مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح ترقی کی پیش گوئی سات فیصد تک بڑھا دی ہے۔
بدھ کو جاری ہونے والی 'اکنامک ایکٹیویٹی فار ایشیا پیسیفک' کے عنوان سے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں ایس اینڈ پی نے رواں مالی سال 2026-2027کے لیے ہندوستان کی جی ڈی پی کی شرح نمو کی پیش گوئی کو6.6فیصد سے بڑھا کر7.0فیصد کر دیا۔ اس کے علاوہ، ایجنسی نے کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی آئی) پر مبنی خوردہ افراط زر کا تخمینہ مالی سال2026-2027 میں اوسط 5.1فیصد لگایا ہے۔
ریٹنگ ایجنسی نے کہا کہ مضبوط صنعتی سرگرمی، صحت مند کھپت، مضبوط اجناس کی برآمدات اور سرکاری سرمایہ کاری میں اضافے جیسے عوامل نے معاشی ترقی کو فروغ دیا ہے۔ اس مالی سال کی اپریل-جون سہ ماہی میں ہندوستان کی اقتصادی ترقی کی شرح توقع سے بہتر 7.8 فیصد ہو گئی۔ ایجنسی نے کہا، اس وجہ سے، ہم نے 31 مارچ 2027 کو ختم ہونے والے موجودہ مالی سال کے لیے اپنی جی ڈی پی کی ترقی کی پیش گوئی کو بڑھا کر پہلے کے 6.6 فیصد سے سات فیصد کر دیا ہے۔
ایس اینڈ پی نے کہا، ہم توقع کرتے ہیں کہ سی پی آئی پر مبنی افراط زر اوسط 5.1 فیصد کے برابر رہے گا۔ ایجنسی نے کہا کہ ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) رواں مالی سال2026-2027 میں اپنی پالیسی کی شرح میں 0.25 فیصد کا اضافہ کرے گا۔
قابل ذکرہے کہ فچ ریٹنگز نے اس سے قبل اپنی مالی سال2026-2027میں جی ڈی پی کی ترقی کی پیش گوئی کو6.9 فیصد تک بڑھا دیا تھا، جبکہ عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے گزشتہ ہفتے ہندوستان کی جی ڈی پی کی ترقی کی پیش گوئی کو 7 فیصد تک بڑھا دیا تھا۔ یہ جی 20 معیشتوں میں سب سے زیادہ شرح نمو ہونے کا تخمینہ ہے۔ پچھلے مالی سال 2025-2026میں ہندوستان کی اقتصادی ترقی کی شرح 7.8فیصد تھی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی