ایس او جی جموں نے خوف گینگ کے تین ارکان کو دہلی سے گرفتار کیا۔
جموں, 23 ستمبر (ہ س)۔ جموں و کشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشنز گروپ (ایس او جی) جموں نے دہلی میں کارروائی کرتے ہوئے خوف گینگ کے تین مبینہ ارکان کو گرفتار کیا ہے۔ گرفتار افراد میں گینگ کا ایک اہم رکن بھی شامل ہے، جو 13 مقدمات میں مطلوب تھا۔ پولیس ک
Sog


جموں, 23 ستمبر (ہ س)۔

جموں و کشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشنز گروپ (ایس او جی) جموں نے دہلی میں کارروائی کرتے ہوئے خوف گینگ کے تین مبینہ ارکان کو گرفتار کیا ہے۔ گرفتار افراد میں گینگ کا ایک اہم رکن بھی شامل ہے، جو 13 مقدمات میں مطلوب تھا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت کرن جیت سنگھ عرف ’گگّا‘ ولد ارجن سنگھ سکنہ ڈبلیہار، آر ایس پورہ کے طور پر ہوئی ہے۔ اس کے خلاف 13 ایف آئی آر درج ہیں اور وہ گٹارو قتل کیس سمیت اقدامِ قتل، مارپیٹ، ہنگامہ آرائی، مجرمانہ دھمکی اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے مقدمات میں بھی مطلوب تھا۔

پولیس نے بتایا کہ کرن جیت سنگھ اس سے قبل آر ایس پورہ آبزرویشن ہوم سے دو پاکستانی قیدیوں کے ہمراہ فرار ہوگیا تھا۔ فرار کے دوران ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں کو مبینہ طور پر فائرنگ کرکے زخمی کیا گیا تھا، جس کے سلسلے میں آر ایس پورہ تھانے میں ایف آئی آر نمبر 39/2026 درج کی گئی۔

اسی کارروائی کے دوران نریش کمار عرف ’میجر‘ ولد کمل کمار سکنہ ارنیا اور راہل کمارعرف ’سُندی‘ ولد بشن داس سکنہ مکھن پور، بشنہ کو بھی گرفتار کیا گیا۔

پولیس کے مطابق نریش کمار فرار ملزم سنیل کمار عرف ’گوکل‘ کا قریبی ساتھی ہے اور مختلف جرائم کے مقدمات میں ملوث ہے، جبکہ راہل کمار کے خلاف جیل احاطے میں منشیات پہنچانے کے مبینہ معاملے میں این ڈی پی ایس ایکٹ اور جیل ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہے۔

پولیس نے کہا کہ یہ کارروائی فرار ملزمان کا سراغ لگانے اور منظم جرائم پیشہ نیٹ ورک کے خلاف جاری کارروائی کا حصہ ہے۔ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande