
علی گڑھ, 02 ستمبر (ہ س)جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ کمیونٹی میڈیسن نے قومی ہفتۂ تغذیہ 2026 کاآغاز شعبہ کے شہری صحت تربیتی مرکز(یو ایچ ٹی سی) کے قریب واقع رام گھاٹ، پنجی پور، علی گڑھ کے آنگن واڑی مرکز نمبر 4 میں صحت اور تغذیہ سے متعلق بیداری پروگرام سے کیا۔
پروگرام کا آغاز شعبہ کے جونیئر ریزیڈنٹ اوّل ڈاکٹر روہن کوشک کے تعارفی کلمات سے ہوا۔ انہوں نے قومی ہفتۂ تغذیہ کی اہمیت اور زندگی کے تمام مراحل میں متوازن اور مناسب تغذیہ کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔
ماسٹر آف پبلک ہیلتھ (ایم پی ایچ)، سال دوم کی طالبات شبینہ، بشریٰ عظمت، گل کوثر اور مریم فیروز نے اہم غذائی مسائل سے متعلق موضوعاتی خطبات پیش کیے۔ شبینہ نے ‘‘غذائی قلت اور خون کی کمی: روک تھام اور شناخت’’، گل کوثر نے ‘‘حمل اور نوزائیدہ کو دودھ پلانے کے مرحلہ میں تغذیہ’’ جبکہ مریم فیروز نے ‘‘شیر خوار بچوں اور کم عمر بچوں کی غذائی ضروریات’’ کے موضوعات پر اظہارِ خیال کیا۔
اس موقع پر عملی نوعیت کے غذائی مشوروں اور عام طور پر پیش آنے والے غذائی مسائل پر توجہ مرکوز کی گئی۔ شرکاء کو مقامی طور پر دستیاب اور کم قیمت والی مقوی غذاؤں کے استعمال کے ذریعہ صحت مند غذائی عادات اپنانے کی ترغیب دی گئی۔ گرد و نواح کی خواتین نے پروگرام میں شرکت کی اور زچگی کے دوران تغذیہ، بچوں کو غذا دینے، خون کی کمی اور متوازن غذا سے متعلق سوالات کیے۔
پروگرام میں اس امر کو اجاگر کیا گیا کہ تغذیہ محض بھوک نہ لگنے کا نام نہیں، بلکہ صحت، نشوونما، جسمانی و ذہنی ترقی اور بیماریوں سے بچاؤ کا ایک لازمی جزو ہے۔ اس پروگرام سے غذائیت سے متعلق علمی معلومات کو کمیونٹی کی سطح پر عملی صحت بخش عادات میں ڈھالنے میں مدد ملی۔
یہ پروگرام شعبہ کمیونٹی میڈیسن کی چیئرپرسن پروفیسر عظمیٰ ارم کی قیادت اور شہری صحت تربیتی مرکز کے ممبر انچارج ڈاکٹر علی جعفر عابدی کی رہنمائی میں منعقد ہوا۔ اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر ثنا اور سینئر ریزیڈنٹ ڈاکٹر ارم عابد نے جونیئر ریزیڈنٹ اور ایم پی ایچ طلبہ کی رہنمائی کرتے ہوئے پروگرام کو مؤثر انداز میں منعقد کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ